07 مارچ ، 2024
پاکستان سپر لیگ( پی ایس ایل) کی فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے آف اسپنر عثمان طارق کا بولنگ ایکشن رپورٹ ہوگیا۔
ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 9 میں حصہ لینے والی ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اسپنر عثمان طارق کا بولنگ ایکشن کرکٹ قوانین کے منافی قرار دے دیا گیا ہے اور اسے میچ آفیشلز نے رپورٹ کر دیا ہے۔
عثمان طارق کا بولنگ ایکشن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور کراچی کنگز کے درمیان 6 مارچ کو پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں مشکوک قرار دیا گیا اور اسے رپورٹ کیا گیا۔
گزشتہ روز کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے میچ میں امپائرنگ کے فرائض آصف یعقوب اور انگلینڈ کے رچرڈ ایلنگ ورتھ نے انجام دیے تھے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم منیجمنٹ نے پاکستان کرکٹ بورڈ سے درخواست کی ہے کہ عثمان طارق کو بولنگ ایکشن ٹیسٹ کی اجازت دی جائے جو مناسب وقت پر پاکستان کرکٹ بورڈ کی فراہم کردہ سہولت کے مطابق ہوگا۔
گزشتہ دنوں عثمان طارق نے جیو نیوز سے گفتگو میں کہا تھا کہ میرا جو بولنگ ایکشن ہے ہمیشہ سے ہی ایسا تھا، گیند کی ڈیلیوری کے وقت جو ٹہراؤ ہوتا ہے تو اس سے نتیجہ بہتر ملتاہے، ایشون اور حفیظ بھی رکتے ہیں لیکن ذہن میں کبھی ان جیسا ایکشن کرنا نہیں تھا۔
واضح رہے کہ ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 9 میں کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو با آسانی7 وکٹوں سے ہرا دیا تھا۔