دنیا
Time 10 مارچ ، 2024

انڈونیشیا میں بارشوں نے تباہی مچا دی، 19 افراد ہلاک، 700 مکانات تباہ

حکام نے آنے والے دنوں میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے مزید نقصانات کے حوالے سے خبردار کیا ہے— فوٹو: اے ایف پی
حکام نے آنے والے دنوں میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے مزید نقصانات کے حوالے سے خبردار کیا ہے— فوٹو: اے ایف پی

جکارتہ: انڈونیشیا میں کئی روز سے جاری بارشوں نے تباہی مچا دی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ہفتے کے روز حکام کی جانب سے بتایا گیا کہ انڈونیشیا کے صوبے ویسٹ سماترا میں بارشوں اور اس کے نتیجے میں آنے والے سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے کم از کم 19 افراد ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ 7 افراد لاپتا ہیں، اس کے علاوہ 70 ہزار افراد کو مجبوراً نقل مکانی بھی کرنی پڑی۔

گزشتے ہفتے سے جاری بارشوں کے نتیجے میں صوبائی دارالحکومت پڈانگ سمیت دیگر علاقوں میں کم و بیش 700 مکانات تباہ ہوگئے اور کئی پُل اور اسکولوں کو نقصان پہنچا جبکہ 113 ہیکٹر زرعی زمین بھی متاثر ہوئی۔

انڈونیشیا کی ریسکیو ایجنسی کے مطابق 150 ریسکیو اہلکار لاپتا افراد کی تلاش میں مصروف ہیں۔ 

انڈونیشیا کی ڈیزاسٹر ایجنسی نے آنے والے دنوں میں مزید بارشوں کے امکان کے پیش نظر سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے مزید نقصانات کے حوالے سے خبردار کیا ہے۔


مزید خبریں :