22 مارچ ، 2024
پاکستان کے معروف ہدایتکار و پروڈیوسر سرمد کھوسٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کا نام 14 اگست 2023 کو جاری کی جانے والی صدارتی ایوارڈز کی فہرست سے نکال دیا گیا ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری ایک بیان میں سرمد کھوسٹ نے دوستوں اور عزیزوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جس نے بھی انہیں اس ایوارڈ کے لیے مبارک باد دی وہ واپس لے لے۔
انہوں نے کہا کہ ان کی معلومات کے مطابق 14 اگست کو جاری کی جانے والی فہرست حتمی ہوتی ہے ، سوائے اس صورت میں جس میں جیتنے والا خود ایوارڈ لینے سے انکار کردے۔
دوسری جانب ذرائع کابینہ ڈویژن کے مطابق سرمد کھوسٹ کے نام کی باقاعدہ منظوری نہیں ہوئی تھی، 14 اگست کو نام تجویز کیے جاتے ہیں، منظوری کابینہ کمیٹی دیتی ہے۔
ذرائع کابینہ ڈویژن کا کہنا ہے کہ صرف سرمد کھوسٹ ہی نہیں اور تجویز کنندگان کے نام بھی حتمی فہرست میں شامل نہیں۔
ذرائع کابینہ ڈویژن کے مطابق سرمد کھوسٹ کی ایک متنازع فلم جوائے لینڈ کی وجہ سے کمیٹی نے ان کا نام منظور نہیں کیا۔
ذرائع کے مطابق ایوان صدر میں کل 80 سے زائد شخصیات کو سول اعزازات سے نوازا جائے گا، اعزازات کی تقریبات چاروں صوبائی گورنرز ہاؤس میں بھی ہوں گی۔
واضح رہے کہ سرمد کھوسٹ نے حال ہی میں فلم "زندگی تماشا" اور "کملی" ڈائریکٹ کی ہیں اور فلم " جوائے لینڈ" کو پروڈیوس کیا ہے۔