30 مارچ ، 2024
ماسکو کے کراکس سٹی ہال میں دہشتگردی کرنیوالے ملزمان نے مبینہ طورپر دعویٰ کیا ہے کہ انہیں یوکرین پہنچنے پر انعام دیے جانے کا وعدہ کیا گیا تھا۔
روسی میڈیا کے مطابق 22 مارچ کو کراکس سٹی ہال میں فائرنگ اور آتش گیر مواد پھینک کر آگ لگانے والے ملزمان سے تفتیش کرنے والے اہلکاروں کا کہنا ہے کہ ایک رابطہ کار کی جانب سے ہدایات ملنے پر دہشتگرد ماسکو میں حملہ کرکے روس یوکرین سرحد کی جانب فرار ہوئے تھے۔
روسی میڈیا کے مطابق ملزمان نے دوران تفتیش بتایا کہ انہیں یوکرین کے دارالحکومت کیف پہنچنے پر انعام دیے جانے کا وعدہ کیا گیا تھا۔
ملزمان نے تفتیش کاروں کو بتایا کہ دہشتگردی کی منصوبہ بندی اور اسے انجام دینے کے بعد وہ ایک مخصوص شخص سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر رابطے میں تھے۔
واضح رہے کہ ماسکو کے کراکس سٹی ہال میں دہشتگردی کے واقعے میں 144 افراد ہلاک ہوئے تھے۔