کھیل
Time 05 اپریل ، 2024

کیویز کیخلاف سیریز کیلئے سلیکشن کمیٹی کا مشاورتی عمل مکمل نہ ہوا، دوبارہ بیٹھک کا امکان

پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ 18 اپریل کو پنڈی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا— فوٹو: فائل
پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ 18 اپریل کو پنڈی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا— فوٹو: فائل

نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے قومی سلیکشن کمیٹی کا مشاورتی عمل مکمل نہ ہوسکا، اسکواڈ کے اعلان سے قبل 7 اپریل کو سلیکٹرز کی ایک اور بیٹھک ہونے کا امکان ہے۔

نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے ممکنہ کھلاڑیوں کا فٹنس کیمپ کاکول میں جاری ہے جہاں سلیکٹرز نے قومی وائٹ بال ٹیم کے کپتان بابراعظم سے بھی مشاورت کی ہے۔

کاکول اکیڈمی میں ابتدائی مشاورت کے بعد سلیکٹرز لاہور واپس آ چکے ہیں اور اسکواڈ کے اعلان کیلئے مشاورت کا عمل جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے پاکستان اسکواڈ کا اعلان 8 اپریل کو متوقع ہے اور اس سے پہلے حتمی اجلاس 7 اپریل کو ہونے کا امکان ہے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ پاکستان کا اسکواڈ 17 یا 18 کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگا، ہوم سیریز کی وجہ سے قومی سلیکشن کمیٹی کا زیادہ سے زیادہ کھلاڑیوں کو موقع دینے کا پلان ہے۔

ذرائع کے مطابق منتخب اسکواڈ 14 اپریل کو اسلام آباد میں جمع ہوگا اور اسی روز نیوزی لینڈ ٹیم پاکستان پہنچے گی۔

یاد رہے کہ پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئےکیوی اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا ہے، دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ 18 اپریل کو پنڈی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

مزید خبریں :