20 اپریل ، 2024
کوئٹہ: پی ڈی ایم اے بلوچستان کا کہنا ہےکہ صوبے کے شمال مشرقی اور مغرب میں مغربی موسمی لہرکمزورپڑگئی ہے اور بارشیں بھی تھم گئی ہیں۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبے کے بیشترعلاقوں میں بارشیں تھم گئی ہیں مگر طوفانی بارشوں سے مواصلاتی رابطہ نظام شدید متاثرہوا ہے اور رابطہ سڑکوں کوبری طرح سے نقصان پہنچاہے۔
پی ڈی ایم اے حکام کا کہنا ہے کہ چمن ضلعی انتظامیہ متاثرہ علاقوں تک پہنچ رہی ہے اور متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں شروع کردی گئی ہیں۔
ڈپٹی کمشنر چمن کے مطابق ضلع کمپلیکس میں متاثرین کی مدد کیلئے ہیلپ سینٹر قائم کردیا گیا ہے، انہوں نے درخواست کی کہ متاثرین ہیلپ سینٹر میں مالی وجانی اور علاقےکے نقصانات کی تفصیلات دیں۔
ڈی سی چمن نے مزید بتایا متاثرہ بالائی علاقوں میں پی ڈی ایم اے کی جانب سے خیمے، خوراک اور گھریلوسامان فراہم کیا گیا ہے مگر لینڈلائن، پی ٹی سی ایل، موبائل فون اور انٹرنیٹ سروسز اب بھی معطل ہے۔
ڈپٹی کمشنرکے مطابق کوژک ٹاپ کے مختلف مقامات پرلینڈ سلائیڈنگ کا ملبہ ہٹادیا گیا اور کوئٹہ چمن شاہراہ ہر قسم کی آمدورفت کیلئے کھول دی گئی ہے جب کہ پی ڈی ایم اے کی مشینری رابطہ سڑکوں کی بحالی کا کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔