Time 24 مئی ، 2024
دلچسپ و عجیب

کیا آپ انگلش زبان کا طویل ترین لفظ جانتے ہیں؟

کیا آپ انگلش زبان کا طویل ترین لفظ جانتے ہیں؟
اس لفظ کو روزمرہ کی گفتگو میں استعمال نہیں کیا جاتا / فائل فوٹو

انگلش زبان کو پاکستان میں بہت اہمیت حاصل ہے بلکہ یہ کہنا غلط نہیں ہوگا کہ دنیا میں یہ سب سے زیادہ بولی جانے والی زبانوں میں شامل ہے۔

مگر اس کے بیشتر الفاظ کا درست تلفط ادا کرنا بہت مشکل ہوتا ہے۔

جی ہاں انگلش کافی عجیب زبان ہے جس میں آپ کے سامنے جو لفظ لکھے نظر آتے ہیں، ضروری نہیں کہ ان کا تلفظ وہی ہو، کیونکہ سائیلنٹ حروف اکثر لکھے گئے لفظ کے تلفظ کو بدل دیتے ہیں۔

اس پر بحث تو کافی طویل ہو سکتی ہے مگر کیا آپ کو معلوم ہے کہ انگلش زبان کا سب سے طویل لفظ کونسا ہے؟

کسی بھی انگلش ڈکشنری میں سب سے طویل لفظ pneumonoultramicroscopicsilicovolcanoconiosis ہے جو 45 حروف پر مبنی ہے۔

یہ بنیادی طور پر پھیپھڑوں کی ایسی بیماری کے لیے استعمال کیا جاتا ہے جو کسی طرح کی گرد ہوا کے ذریعے جسم میں پہنچ جانے سے ہوتی ہے اور پھیپھڑوں کو ورم کا سامنا ہوتا ہے۔

آکسفورڈ انگلش ڈکشنری کے مطابق 1930 کی دہائی میں اسے طبی اصطلاحات کی نقل کرنے کے لیے نیشنل پزلر لیگ کے صدر نے بولا تھا۔

اس سے بھی طویل الفاظ دنیا کی دیگر زبانوں میں موجود ہیں جیسے جرمن زبان کا طویل ترین لفظ 63 حروف پر مبنی ہے۔

مگر گنیز ورلڈ ریکارڈز کے مطابق کسی بھی زبان کا طویل ترین لفظ سنسکرت زبان کا ہے جو 195 سنسکرت حروف پر مبنی ہے۔

ویسے تو ایک پروٹین ٹائٹن کا پورا نام ایک لاکھ 89 ہزار سے زائد حروف پر مبنی ہے جسے بولنے کے لیے ہی 3 گھنٹے سے زائد وقت لگ سکتا ہے۔

مگر آکسفورڈ ڈکشنری کے مطابق ایسے الفاظ کو حقیقی کی بجائے کیمیکل نام تصور کیا جاتا ہے تو انہیں طویل ترین لفظ قرار نہیں دیا جا سکتا، کیونکہ یہ زبان دانی کے لیے بامقصد نہیں ہوتے۔

مزید خبریں :