04 جون ، 2024
آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں سری لنکن کھلاڑیوں نے میچز اور سفر کے شیڈول پر آواز اٹھا دی۔
سری لنکا کے کپتان وانندو ہسارنگا اور مہیش تھیکشانا نے ٹیم کو درپیش مشکلات بیان کرتے ہوئے شیڈول کو غیر منصفانہ قرار دیا۔
ٹیم منیجر مہندا ہالنگودا نے آئی سی سی کو مشکلات کے حوالے سے لکھنے کی تصدیق کی ہے، سری لنکا ان دو ٹیموں میں سے ہے جس نے ابتدائی راؤنڈ کے چار میچز چار وینیوز پر کھیلنے ہیں۔
20 ٹیموں میں دوسری ٹیم نیدرلینڈز کی ہے، بھارت اور جنوبی افریقا کی ٹیمیں ایک وینیو پر تین میچز کھیل رہی ہیں۔
ڈے میچ ہونے کی وجہ سے سری لنکا اسکواڈ نے بروکلین ہوٹل میں صبح 7 بجے دن کا آغاز کیا، میچ ختم ہوتے ہی میڈیا کی سرگرمیاں جلدی ختم کرنا پڑیں تاکہ وقت پر ائیر پورٹ پہنچا جائے۔
سری لنکا کو جنوبی افریقا کے خلاف میچ ختم ہوتے ہی اگلے میچ کے لیے ائیرپورٹ پہنچنا پڑا۔
اس حوالے سے مہیش تھیکشانا نے کہا کہ یہ سب بہت غیر منصفانہ ہے ہر میچ کے بعد ہمیں سفر کرنا پڑتا ہے، ہمیں فلائٹس کے لیے 8 گھنٹے انتظار بھی کرنا پڑا ہے، یہ ہمارے لیے غیر منصفانہ ہے لیکن جب آپ کھیلتے ہیں تو معنی نہیں رکھتا۔
انہوں نے کہا کہ ٹریول لاجسٹک کی وجہ سے ہمیں نیویارک میں ٹریننگ سیشن بھی منسوخ کرنا پڑا، ہمارا ہوٹل وینیو سے ایک گھنٹہ 40 منٹ کی مسافت پر تھا، ہمیں صبح 5 بجے اٹھنا پڑا، میں نام نہیں لوں گا لیکن کچھ ٹیموں کے ہوٹل 14 منٹ دور ہیں، ان ٹیموں کے نام بھی نہیں لوں گا جو ایک وینیو پر کھیل رہی ہیں۔
کپتان وانندو ہسارنگا نے کہا کہ ہمارے لیے مشکل دن ہیں، چار میچز چار مختلف وینیوزجو کہ مشکل ہے، ہمیں کنڈیشنز کے بارے میں کوئی علم نہیں۔