Time 06 جون ، 2024
کھیل

ورلڈکپ میں پاکستان کی جانب سے کون سرپرائز دیگا؟ رکی پونٹنگ نے پیشگوئی کر دی

ورلڈکپ میں پاکستان کی جانب سے کون سرپرائز دیگا؟ رکی پونٹنگ نے پیشگوئی کر دی
 رکی پونٹنگ نے امریکا اور ویسٹ انڈیز میں جاری ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لیے بابر اعظم کی زیر قیادت پاکستانی ٹیم کو ایک مضبوط ٹیم قرار دیا ہے۔ 

سابق آسٹریلین کپتان رکی پونٹنگ نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان کی جانب سے سرپرائز دینے والے کھلاڑی سے متعلق پیشگوئی کی ہے۔

آئی سی سی ریویو میں آسٹریلیا کے لیے بطور کپتان دو ورلڈکپ جیتنے والے سابق اسٹائلش بیٹر رکی پونٹنگ نے امریکا اور ویسٹ انڈیز میں جاری ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لیے بابر اعظم کی زیر قیادت پاکستانی ٹیم کو ایک مضبوط ٹیم قرار دیا ہے۔

رکی پونٹنگ کا کہنا ہے کہ بابر اعظم کی قیادت میں پاکستان کی نا تجربہ کار ٹیم بہت متوازن دکھائی دے رہی ہے جس کے ٹاپ آرڈر میں ایک نوجوان بیٹر بھی شامل ہے جو ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں اپنا جادو دکھانے کے لیے تیار ہے۔

سابق آسٹریلین کھلاڑی سمجھتے ہیں کہ 2022 میں آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرنے والی پاکستان ٹیم کے پاس اس بار اس سے بہتر کرنے اور 2009 کی طرح ٹائٹل جیتنے کے زیادہ چانسز ہیں۔

سابق کینگروز اوپنر کا کہنا تھا کپتانی کچھ لوگوں پر جچتی ہے اور کچھ پر نہیں جچتی، ہم نے دیکھا ہے کہ بہت سے بہترین کھلاڑی اچھے کپتان ثابت نہیں ہوئے، جب آپ کپتان ہوتے ہیں تو آپ کو سب چیزیں دیکھنا ہوتی ہیں، آپ کو اپنا گیم بھی دیکھنا ہوتا ہے اور اپنے لڑکوں کو بھی دیکھنا ہوتا ہے، تو کچھ لوگ ان چیزوں کو دوسرے لوگوں سے بہتر طریقے سے سنبھال لیتے ہیں۔

رکی پونٹنگ کا کہنا تھا اگر بابر اعظم کا ریکارڈ دیکھیں تو بطو کپتان ان کی کارکردگی نیچے آئی لیکن میں سمجھتا ہوں کہ انہوں نے اس سے بہت کچھ سیکھا ہو گا۔

دوسری جانب شاہین شاہ آفریدی بطور لیڈر دنیا کو متاثر نہیں کر سکے اس لیے جب آپ ورلڈکپ کے لیے جا رہے ہیں اور آپ کے پاس بابر اعظم جیسا کھلاڑی موجود ہے تو آپ کو ایک سیٹ ٹیم کے ساتھ جانا چاہیے۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان کی بیٹنگ کا دارومدار بابر اعظم اور محمد رضوان پر ہے لیکن رکی پونٹنگ سمجتے ہیں کہ اوپننگ بیٹر صائم ایوب بھی ٹورنامنٹ میں سرپرائز دیں گے۔

صائم ایوب نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے قبل آئر لینڈ کے خلاف سیریز میں محمد رضوان کے ساتھ اننگز کا آغاز کیا تھا اور رکی پونٹنگ سمجھتے ہیں کہ بائیں ہاتھ کے خطرناک بیٹر آئی سی سی ایونٹ کے دوران توجہ کا مرکز ہوں گے۔

سابق آسٹریلین کپتان کا کہنا تھا میں نے صائم ایوب کو آسٹریلیا میں تھا، اس وقت میں صائم ایوب کے بارے میں نہیں جانتا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ لیکن جب سڈنی ٹیسٹ کے دوران میں کمنٹری کے لیے بیٹھا اور میں نے صائم ایوب کے پی ایس ایل کا ریکارڈ نکالا تو بہت متاثر ہوا۔

رکی پونٹنگ کا کہنا تھا صائم ایوب ایک مکمل اوپنر ہے اور میں سمجھتا ہوں کہ وہ مستقبل میں اسٹار بننے جا رہا ہے۔

مزید خبریں :