کھیل

ورلڈکپ: کتنے پیسے دیکر پاکستانی کھلاڑیوں سے ملنے، آٹو گراف اور تصاویر بنوانے کا موقع مل سکتا ہے؟

ورلڈکپ: کتنے پیسے دیکر پاکستانی کھلاڑیوں سے ملنے، آٹو گراف اور تصاویر بنوانے کا موقع مل سکتا ہے؟
ایک دعوت نامہ سوشل میڈیا پر وائرل ہوا ہے جس کے بعد پی سی بی اور کرکٹ ٹیم پر تنقید کی جارہی ہے__فوٹو: فائل

ورلڈ کپ میں شریک پاکستانی کرکٹرز سے ملیں، آٹو گراف لیں اور تصاویر بنوائیں ، اس کے عوض رقم ادا کرنی ہوگی۔

ایک دعوت نامہ سوشل میڈیا پر وائرل ہوا ہے جس کے بعد پی سی بی اور کرکٹ ٹیم پر تنقید کی جارہی ہے۔

سابق کپتان راشد لطیف کا کہنا ہے کہ پرائیویٹ ڈنر میں شرکت کرنا تباہ کن ہے تاہم پی سی بی نے کہا کہ پاکستانی کھلاڑیوں نے چیریٹی پروگرام میں شرکت کی، کوئی معاوضہ نہیں لیا، رقم کسی کاز کے لیے ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق امریکا کے شہر ڈیلاس میں ہونے والی ایک تقریب کا دعوت نامہ سوشل میڈیا پر گردش میں ہے اور موضوع بحث بنا ہوا ہے , امریکا کے خلاف پہلے میچ سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ اور کرکٹ ٹیم کو تنقید کا سامنا ہے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم میٹ اینڈ گریٹ کے نام سے دعوت نامے پر لکھا ہے کہ اگر آپ اس تقریب میں شرکت کرنا چاہتے ہیں تو آپ کو فی کس 25 ڈالرز ادا کرنا ہوں گے۔

پی سی بی نے اس تقریب کی تصدیق کرتے ہوئے اسے چیریٹی فنکشن قرار دیا لیکن دعوت نامے میں کسی بھی جگہ چیریٹی کا تذکرہ نہیں ہے۔

سابق کپتان راشد لطیف کا کہنا ہےکہ کھلاڑی آٹو گراف لینےاور تصاویر بنوانے کے لیے پیسے لے رہے ہیں ورلڈ کپ سے عین پہلے پرائیویٹ ڈنر میں شرکت کرنا تباہ کن ہے، اگر آئی سی سی یا پی سی بی اس کا اہتمام کرتا تو الگ بات تھی، ہم یہ کہہ رہے ہیں کہ 25 ڈالرز دیں اور پاکستانی کھلاڑیوں سے ملیں۔

راشد لطیف نے دعویٰ کیا کہ اگر امریکا میں کوئی شخص پاکستانی کھلاڑیوں کو بلاتا ہے تو اس سے پوچھا جاتا ہے کہ پیسے کتنے دیں گے، ہمارے دور میں بھی خیال کیا جاتا تھا، اس وقت ورلڈکپ ہورہا ہے اس لیے کمرشل معاملات کو شہ سرخیاں ملتی ہیں، یہ فنڈ ریزنگ اور پرائیویٹ ڈنر نہیں ہیں، براہ کرم ایسا نہ کریں اور کرکٹ پر فوکس کریں۔

اس بارے میں نمائندہ جنگ کے رابطے پرپاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان کا کا دعویٰ ہے کہ ڈیلاس میں پاکستانی کرکٹ ٹیم نے ایک چیریٹی ایونٹ میں شرکت کی۔

مزید خبریں :