08 جون ، 2024
بلوچستان کے سرحدی شہر چمن میں پاسپورٹ پالیسی کے خلاف دھرنے کے باعث آج بھی حالات بدستور کشیدہ ہیں۔
چمن میں پاک افغان بارڈر پر پاسپورٹ ٹریولنگ پالیسی کے خلاف مقامی افراد 7 ماہ سے دھرنا دیے بیٹھے ہوئے تھے۔
تاہم گزشتہ کئی روز سے صورتحال کشیدہ ہے اور گزشتہ روز بھی مظاہرین نے ڈپٹی کمشنر آفس میں گھسنے کی کوشش کی جس پر پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے ربڑکی گولیاں اور آنسوگیس کا استعمال کیا جبکہ مظاہرین نے بھی پولیس پر پتھراؤ کیا۔
مظاہرین اور پولیس تصادم میں متعدد افراد زخمی ہوئے جن میں پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔
تاہم آج بھی چمن میں صورتحال بدستور کشیدہ ہے۔ پولیس کے مطابق مظاہرین نے سرکاری دفاتر میں گھسنے کی کوشش اور دیوار بھی گرادی۔
مظاہرین کی جانب سے پولیس کی بکتربند گاڑی پر پتھراؤ بھی کیا گیا۔ دوسری جانب جمعرات کو مال روڈ پر احتجاج کے دوران گولیاں لگنے سے زخمی ہونے والا 17 سالہ نوجوان بھی دم توڑ گیا۔
شعبہ ایمرجنسی کے مطابق زخمی نوجوان اسپتال میں زیر علاج تھا۔