Time 02 جولائی ، 2024
پاکستان

ذلفی نے یو این ورکنگ گروپ کو پاکستان کیخلاف خط لکھا، ملک کیخلاف سازش کی: عون چوہدری

ذلفی نے یو این ورکنگ گروپ کو پاکستان کیخلاف خط لکھا، ملک کیخلاف سازش کی: عون چوہدری
پی ٹی آئی نے 2016 میں لندن جاکر پی آر فرم کی خدمات حاصل کی تھیں، اس پی آر فرم سے ذلفی بخاری نے متعارف کرایا: رہنما استحکام پاکستان پارٹی— فوٹو: اسکرین گریب

استحکام پاکستان پارٹی کے رہنما عون چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے پاکستان کے خلاف سازش کی، ذلفی بخاری نے ہی اقوام متحدہ (یو این) ورکنگ گروپ کو پاکستان کیخلاف خط لکھا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عون چوہدری کا کہنا تھاکہ پی ٹی آئی کے سینئرزکو کہنا چاہتا ہوں ان مگرمچھوں کو بے نقاب کریں، مجھ سے زیادہ کون جانتا ہے کہ آپ کے لنکس کس کےساتھ ہیں؟ آپ کون ہوتے ہیں پاکستان کے خلاف سازش کرنے والے؟  میں نے پارٹی کیلئے قربانیاں دیں، آج بھی مجھ سے رہنما رابطے کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے 2016 میں لندن میں پی آر فرم کی خدمات حاصل کی تھیں،  اس پی آر فرم سے ذلفی بخاری نے متعارف کرایا، اسی ذلفی بخاری نے ہی یو این ورکنگ گروپ کو پاکستان کیخلاف خط لکھا، پی آر فرم سے کہا گیا تھاکہ ایک کھلاڑی کو قومی لیڈر کے طورپر پیش کرنا ہے، یہ لوگ پاکستان اور مسلح افواج کے خلاف مہم چلاتے ہيں۔

ان کا کہناتھاکہ پی ٹی آئی کی سیاست کا انحصار اس بات پر تھا کہ امریکا سے ان کے خلاف سازش ہوئی، پی آر فرم حاصل کرنے کے پیسے کہاں سے آتے ہیں ؟ جہاں سے آپ کو پیسہ مل رہا ہے ایک ایک اکاؤنٹ کو عوام کے سامنے لاؤں گا، پی ٹی آئی کے لوگوں کو کہ رہا ہوں کہ آپ استعمال ہورہے ہیں، ان کو مقصد صرف اتنا ہے کہ ملک میں انتشار پھیلے آگ لگے ۔

خیال رہے کہ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق ورکنگ گروپ نے گزشتہ روز بانی پی ٹی آئی عمران خان کی حراست کا فیصلہ من مانی اور بین الاقوامی قانون کی خلاف وزری قرار دیا تھا۔

مزید خبریں :