Time 03 جولائی ، 2024
دنیا

وہ واحد ڈیموکریٹ امیدوار جو انتخابات میں ٹرمپ کو ہرا سکتا ہے، سروے میں نام سامنے آگیا

وہ واحد ڈیموکریٹ امیدوار جو انتخابات میں ٹرمپ کو ہرا سکتا ہے، سروے میں نام سامنے آگیا
ہر 3 میں سے ایک ڈیموکریٹ یہ سمجھتا ہے کہ صدر بائیڈن کو اپنی انتخابی مہم ختم کر دینی چاہیے— فوٹو: اے ایف پی

امریکا میں ہونے والے ایک حالیہ سروے میں سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو شکست دینے کے اہل واحد ڈیموکریٹک امیدوار کا نام سامنے آگیا۔

رائٹرز اور اپسوس کی جانب سے کروائے گئے سروے کے مطابق  سابق امریکی خاتون اول مشیل اوباما وہ واحد ممکنہ امیدوار ہیں جو ڈونلڈ ٹرمپ کو صدارتی انتخاب میں شکست دے سکتی ہیں۔

سروے کے نتائج کے مطابق  سابق امریکی خاتون اول، ڈونلڈ ٹرمپ کو 10 پوائنٹس سے ہرا سکتی ہیں جبکہ کوئی اور ممکنہ ڈیموکریٹ امیدوار سابق صدر کو شکست نہیں دے سکتا۔

یہ نتیجہ ایک ایسے قت میں سامنے آیا ہے جب باراک اوباما نے اپنے اتحادیوں کو نجی طور پر بتایا کہ خاص طور پر گزشتہ ہفتےکے صدارتی مباحثے کے بعد جو بائیڈن کو دوبارہ منتخب ہونے میں سخت مشکلات کا سامنا ہے۔

اگرچہ مشیل اوباما صدر بائیڈن کی دوسری مدتِ صدارت کی حمایت کرچکی ہیں، اس کے باوجود مشیل اوباما کی حمایت میں اضافہ ہوا ہے۔

سروے میں ووٹروں کے سامنے مفروضے کے طور پر مختلف منظرنامے رکھے گئے جن میں ڈونلڈ ٹرمپ کے مقابلے میں مختلف ڈیموکریٹ امیدواروں بشمول موجودہ صدر جو بائیڈن اور نائب صدر کمالہ ہیرس کو دکھایا گیا۔

ووٹروں سے ہر منظر نامے میں صدارتی امیدوار کے لیے ان کی ترجیح پوچھی گئی، ٹرمپ اور جو بائیڈن کے درمیان مقابلے کی صورت میں 40 فیصد ووٹروں نے بائیڈن اور 40 فیصد نے ہی ٹرمپ کو ووٹ دینے کا کہا۔

تاہم مشیل اوباما اور ٹرمپ کے درمیان مقابلے کی صورت میں 50 فیصد ووٹروں نے کہا کہ وہ مشیل اوباما کو ووٹ دیں گے  جبکہ صرف 39 فیصد نے ٹرمپ کی حمایت کی۔

جوبائیڈن کے صدارت کی دوڑ سے دستبردار ہونے کی صورت میں ان کے ممکنہ متبادل جیسے کمالہ ہیرس یا گیون نیوسم، ٹرمپ کے مقابلے میں کافی کم  پوائنٹس حاصل کرسکے۔

سروے کے مطابق ہر 3 میں سے ایک ڈیموکریٹ یہ سمجھتا ہے کہ صدر بائیڈن کو  اپنی انتخابی مہم ختم کر دینی چاہیے۔

مزید خبریں :