13 جولائی ، 2024
دبئی: ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 میں بد انتظامیوں پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے دو اہم عہدیدار مستعفی ہوگئے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ہیڈ آف ایونٹس کرس ٹیٹلی اور جی ایم مارکیٹنگ اینڈ کمیونیکیشن کلئیر فرلانگ اپنے عہدوں سے مستعفی ہوگئے ہیں، دونوں عہدیداروں نے 19 جولائی سے کولمبو میں شروع ہونے والے آئی سی سی کے سالانہ اجلاس سے قبل استعفیٰ دیا۔
رپورٹ کے مطابق آئی سی سی کے دو عہدیداروں نے تحقیقات کے مطالبے پر استعفیٰ دیا تاہم کرکٹ کی عالمی باڈی نے استعفوں کے حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ امریکا اور ویسٹ انڈیز میں ہونے والے ورلڈکپ کا انعقاد خوشگوار نہ رہا اور کئی بورڈ ممبرز نے شکایت کی، ایک آئی سی سی ڈائریکٹر پنکج خمجی نے ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کے اووربجٹنگ پر تحقیقات کا مطالبہ کیا اور اخراجات بڑھنے کے معاملات کا جائزہ لینے اور آڈٹ کرانے کے لیے خط لکھا جب کہ پنکج خمجی نے خط تمام بورڈ اراکین کو بھجوایا ہے، اس خط کے ساتھ ہی استعفے آنے شروع ہوگئے۔
رپورٹ کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے دوران پانی کی طرح پیسہ بہایا گیا جس سے اخراجات بڑھ گئے اور آمدنی کم ہوگئی، امریکا ایونٹ کا مشترکا میزبان تھا لیکن وہ ایک تماشائی تھا، یو ایس اے کرکٹ کے کسی عہدیدار کے پاس ذمہ داری نہیں تھی، تمام تر معاملات آئی سی سی کے عہدیداروں کے پاس تھے، ٹی ٹوینٹی یو ایس اے کے لیے بھی عہدیداروں کو آئی سی سی نے چنا جب کہ سی ای او بریٹ جونز کرس ٹیٹلی کے قریبی تھے۔
میڈیا رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آئی سی سی سالانہ اجلاس میں اس معاملے پر تفصیلی بات ہو گی اور بجٹ کے حوالے سے تحقیقات کئے جانے کا امکان ہے۔