Time 16 جولائی ، 2024
کھیل

جنید خان نے بولنگ بہتر کرنے میں کافی مدد کی، ایشیا کپ جیت کر آئیں گے: فاطمہ ثنا

جنید خان نے بولنگ بہتر کرنے میں کافی مدد کی، ایشیا کپ جیت کر آئیں گے: فاطمہ ثنا
پہلی بار ایشیا کپ کھیل رہی ہوں اس کو یادگار بنانے کی کوشش کروں گی، فاطمہ ثناء/ فائل فوٹو

پاکستان ویمن ٹیم کی فاسٹ بولر فاطمہ ثنا نے کہا ہے کہ جنید خان نے بولنگ بہتر کرنے میں کافی مدد کی اور  ایشیا کپ کیلئے اچھی تیاری کی ہے،  جیت کر آئیں گے۔ 

جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے فاطمہ ثنا نے کہا ہے کہ بولنگ کوچ نے ماڈرن ڈے کرکٹ کے حساب سے مائنڈ سیٹ اور ورائٹی کا بتایا، ایشیا کپ میں دیکھیں گے تو پتہ چل جائے گا کہ کیا تیاری کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پہلی بار ایشیا کپ کھیل رہی ہوں اس کو  یادگار  بنانے کی کوشش کروں گی، اگر ٹیم نہیں جیتے تو ذاتی اہداف بے معنی ہوجاتے ہیں، کوشش ہوگی کہ کامیابی کے ساتھ ایونٹ مکمل کریں۔ 

ان کا کہناتھاکہ بھارت کے خلاف میچ کو عام میچ کی طرح لیں گے، انڈیا کے خلاف جیت کر شروع ہی سے وننگ مومینٹم حاصل کرنے کی کوشش کریں گے، بھارت کی بیٹنگ مضبوط ہے، کوشش ہوگی کہ اوپر کے پلیئرز جلد آؤٹ کروں تاکہ بعد میں آسانی ہو۔

قومی فاسٹ بولر کا کہناتھاکہ بھارتی ویمن کے جنوبی افریقا ویمن سے حالیہ میچز کا ویڈیو تجزیہ کیا ہے، تجزیہ کیا ہے کہ ان کی کمزوریاں کیا ہے اور کیسے انہیں پھنسایا جاسکتا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ابتدائی دس دن میں اندازہ ہوا ہے محمد وسیم ہمارا مائنڈ سیٹ کیسا بنانا چاہ رہے، انہوں نے پلیئرز کو  پاوور ہٹنگ کا اعتماد دیا ہے، بطور کھلاڑی خواہش ہے کہ ہر شعبہ میں کردار ادا کروں، آل راؤنڈر بننے کی کوشش کررہی ہوں۔ 

فاطمہ ثنا کا کہنا تھا کہ حالیہ میچز میں شکست کا پوری ٹیم نے مل کر تجزیہ کیا ہے، ہمیں میچ کے اہم آخری لمحات میں تحمل کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے، ہم کچھ میچز میں آخری لمحات میں افراتفری کا شکار ہونے کی وجہ سے ہارے ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ تسمیہ رباب کے ساتھ بولنگ میں رائٹ ہینڈ اور لیفٹ ہینڈ کا اچھا کامبی نیشن ہوگا، ہمارے پاس بولنگ میں اب اچھی ورائٹی موجود ہے، ہم کوشش کریں گے کہ مداحوں کو خوشیاں دیں، ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈ میں جیسا سینیئر کھیلے اس سے ہمت نہ ہارنے کا سبق ملتا ہے، مین ٹیم کے پلیئر بھی اچھے ہیں، اچھا برا وقت کسی پر بھی آجانا ہے۔

مزید خبریں :