Time 21 جولائی ، 2024
سائنس و ٹیکنالوجی

اینڈرائیڈ فونز میں سیٹلائیٹ میسجنگ فیچر متعارف ہونے کے لیے تیار

اینڈرائیڈ فونز میں سیٹلائیٹ میسجنگ فیچر متعارف ہونے کے لیے تیار
ایک رپورٹ میں اس بارے میں بتایا گیا / فوٹو بشکریہ اینڈرائیڈ اتھارٹی

2022 میں ایپل کی آئی فون 14 سیریز میں سیٹلائیٹ کے ذریعے ایمرجنسی ایس او ایس پیغامات بھیجنے کا فیچر متعارف کرایا گیا تھا جس نے اب تک متعدد زندگیاں بھی بچائی ہیں۔

اس کے بعد اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے لیےکوششیں تو ہوئیں مگر اب تک یہ سہولت صارفین کو دستیاب نہیں۔

مگر اب گوگل کی جانب سے اینڈرائیڈ اسمارٹ فونز میں بھی آئی فون جیسے سیٹلائیٹ میسج فیچر کو متعارف کرایا جا رہا ہے۔

اینڈرائیڈ اتھارٹی کی ایک رپورٹ کے مطابق اینڈرائیڈ 15 آپریٹنگ سسٹم میں سیٹلائیٹ کنکٹویٹی فیچر کو متعارف کرایا جائے گا۔

یہ اینڈرائیڈ سسٹم رواں سال کی چوتھی سہ ماہی میں باضابطہ طور پر متعارف کرایا جائے گا اور اس کے نئے بیٹا (beta) ورژن میں پکسل سیٹلائیٹ ایس او ایس نامی فیچر کی موجودگی کا حوالہ دیا گیا ہے۔

بیٹا ورژن کے کوڈ سے عندیہ ملتا ہے کہ آغاز میں 2 سال تک سیٹلائیٹ میسجز کی سروس صارفین کو مفت دستیاب ہوگی۔

خیال رہے کہ سیٹلائیٹ سروس کے ذریعے آئی فون استعمال کرنے والے صارفین ایسے مقامات سے ایمرجنسی میسجز بھیجتے ہیں جہاں موبائل یا وائی فائی سگنلز موجود نہیں ہوتے۔

اینڈرائیڈ صارفین کو بھی نئے فیچر سے یہ سہولت حاصل ہوگی۔

رپورٹ کے مطابق جب صارف کی جانب سے سیٹلائیٹ کے ذریعے ایمرجنسی سروسز سے رابطہ کیا جائے گا تو اس کی ذاتی تفصیلات جیسے نام، ای میل، فون نمبر، لوکیشن اور ڈیوائس کی تفصیلات ایمرجنسی سروسز کو منتقل کی جائیں گی۔

اس فیچر کو استعمال کرنے کے لیے گوگل میسجز کو ڈیفالٹ ایس ایم ایس ایپ کے طور پر سیٹ کرنا ہوگا۔

اس سے قبل مختلف رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ اینڈرائیڈ فونز کے لیے سیٹلائیٹ میسجنگ کا فیچر آئی فونز سے زیادہ بہتر ہوگا۔

آئی فونز میں تو اس فیچر کو صرف ایمرجنسی حالات میں امدادی پیغامات بھیجنے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے مگر اینڈرائیڈ صارفین اس سے ایمرجنسی سروسز سمیت کسی کو بھی مسیج بھیج سکیں گے۔

البتہ سیٹلائیٹ میسجز کو پہنچنے میں زیادہ وقت لگے گا جبکہ تصاویر یا ویڈیوز کو بھیجنا ممکن نہیں ہوگا۔

گوگل کی جانب سے باضابطہ طور پر اینڈرائیڈ آپریٹنگ سسٹم میں سیٹلائیٹ میسجنگ سپورٹ کا اعلان نہیں کیا گیا۔

مزید خبریں :