24 جولائی ، 2024
چئیرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود کا کہنا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی میں بھارتی ٹیم کے دورہ پاکستان کے لیے حکومت اور پی سی بی رابطے میں ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) 19 فروری سے 19 مارچ 2025 تک آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کر رہا ہے۔
ایونٹ میں بھارتی ٹیم کا پاکستان آنا اس وقت پاکستان اور بھارت کے میڈیا میں موضوع بحث بنا ہوا ہے۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ بھارتی ٹیم پاکستان نہیں جائیگی، جبکہ پاکستانی میڈیا نے ایسی خبروں کو پروپیگنڈا قرار دیا ہے۔
اس حوالے سے پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے چئیرمین رانا مشہود کہتے ہیں کہ بھارتی ٹیم کے دورے کے بارے میں حکومت اور پی سی بی کے درمیان بات چیت جاری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت سمیت دنیا کی تمام ٹیموں کو چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان آنا چاہیے، البتہ ان کا کہنا تھا کہ چئیرمین پی سی بی سید محسن نقوی اس حوالے سے زیادہ بہتر بتاسکتے ہیں۔