01 اگست ، 2024
پشاور میں جرائم پیشہ افراد نے شہریوں کو ڈرانےکے لیے نیا حربہ اپنا لیا ہے، بھتا خور دھمکی آمیز خطوط اور کالز کے بعد اب تابوت بھی بھجوانے لگے ہیں۔
پشاور کے علاقہ فقیر آباد میں بھتاخوروں نے ہاؤسنگ سوسائٹی کے مالک کو دھمکی آمیز خطوط اور فون کالز کے بعد گھر پر 2 تابوت بھجوا دیے۔
پولیس نے تابوت لےکر آنے والے رکشوں کو تحویل میں لےکر تھانا فقیر آباد میں مقدمہ درج کر لیا ہے۔
درج مقدمے میں کہا گیا ہےکہ کچھ روز قبل بھی کاروباری شخصیت کے دفترپرفائرنگ کی گئی تھی جس کامقدمہ درج کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق بھتےکی کال کرنے والا شخص خود کو سرکاری ادارے کا افسر ظاہر کرکے ہاؤسنگ سوسائٹی کے مالک غلام قادر سے ایک کروڑ روپے کا مطالبہ کر رہا تھا۔
پولیس کے مطابق بھتا خوروں کی جانب سے ایک ماہ سے مسلسل دھمکی آمیزکالیں موصول ہونے کے بعد کاروباری شخصیت نے تحفظ کا مطالبہ کیا ہے۔ پولیس نے تابوت قبضے میں لےکر تفتیش شروع کر دی ہے۔