Time 12 اگست ، 2024
پاکستان

نئے الیکشن بھی معاملات کا حل نہیں، آرمی چیف، چیف جسٹس اور سیاستدان ملک کیلئے راستے کا تعین کریں: شاہد خاقان

نئے الیکشن بھی معاملات کا حل نہیں، آرمی چیف، چیف جسٹس اور سیاستدان ملک کیلئے راستے کا تعین کریں: شاہد خاقان
ہمارے کیسوں میں عمران خان نے کہا تھا کہ وکٹیں گرا رہا ہوں، بعد میں بانی پی ٹی آئی اور باجوہ نے ایک دوسرے پر کیس بنانے کا الزام لگایا: سابق وزیراعظم۔ فوٹو فائل

کراچی: سابق وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ ملک میں اب نئے الیکشن سے بھی معاملات حل نہیں ہوں گے، آرمی چیف، چیف جسٹس اور سیاستدان ملکر فیصلہ کریں کہ ملک کو کیسے چلانا ہے۔

احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا 4 سال سے زیادہ عرصے میں ہمارے خلاف صرف ایک گواہ کا بیان قلمبند کیا گیا، یہ ریفرنس کرپشن کے خلاف نہیں اختیارات کا غلط استعمال تھا، پہلے بھی عدالت یہ کہہ چکی ہے کہ ریفرنس غلط قائم کیا گیا تھا۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا چار سال سے ریفرنس چلایا جاتا رہا ہے یہ بھی ہمارے نظام کی مہربانی ہے، جتنی جلدی نیب کو ختم کیا جائے اتنا ملک کے لیے بہتر ہوگا۔

ان کا کہنا تھا پولیٹیکل انجینئرنگ کے لیے اس طرح کے کیسز شروع کیے جاتے ہیں، آج ہمارے لیے خوشی کا دن ہے کہ عدالت نے بری کردیا۔

شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا ہمارے کیسوں میں بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا تھا کہ وکٹیں گرا رہا ہوں، بعد میں بانی پی ٹی آئی اور باجوہ نے ایک دوسرے پر کیس بنانے کا الزام لگایا۔

ملک میں نئے الیکشن کے مطالبے کے سوال پر سابق وزیراعظم کا کہنا تھا اب نئے الیکشن سے بھی معاملات حل نہیں ہوں گے، چیف جسٹس، آرمی چیف اور سیاستدان ملکر بیٹھیں اور پہلے راستے کا تعین کریں کہ ملک کیسے چلے گا۔

مزید خبریں :