کاروبار

قائمہ کمیٹی کی ایس آئی ایف سی کے فیصلے کی مخالفت، اسٹیل ملز بحالی کی ہدایت

قائمہ کمیٹی کی ایس آئی ایف سی کے فیصلے کی مخالفت، اسٹیل ملز بحالی کی ہدایت
کمیٹی نے ایس آئی ایف سی کے پاکستان اسٹیل ملز کو مستقل بنیادوں پر بند کرنے کے فیصلے کی سخت مخالفت کی/ فائل فوٹو

اسلام آباد: قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی صنعت وپیداوار نے ایس آئی ایف سی کے فیصلے کے برعکس پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی کی ہدایت کردی۔

کمیٹی کا اجلاس سید حفیظ الدین کی زیر صدارت ہوا، کمیٹی ارکان نے بعض گروپوں کی جانب سے سٹیل ملز اراضی ہتھیانے کی کوششوں پر تحفظات کا اظہار کیا۔

کمیٹی نے ایس آئی ایف سی کے پاکستان اسٹیل ملز کو مستقل بنیادوں پر بند کرنے کے فیصلے کی سخت مخالفت کی اور اسٹیل ملز کی بحالی کیلئے ایم این اے ناز بلوچ کی سربراہی میں ذیلی کمیٹی تشکیل دیدی۔

کمیٹی ملز کے انتظامی اور مالیاتی امور حل کرنے کیلئے تجاویز مرتب کریگی، کمیٹی نے اسٹیل ملزکی بحالی یقینی بنانے اور قومی معیشت میں کردارکے عزم کا اظہار کیا جب کہ کمیٹی نے اسٹیل ملز کا دورہ کرنے اور ایک ذیلی کمیٹی تشکیل دینے کا بھی فیصلہ کیاہے۔

ناز بلوچ ذیلی کمیٹی کی کنوینر ہونگی اور ارکان میں عبدالحکیم بلوچ ، محمد ارشد ساہی اور ڈاکٹر مکیش کمہار مالانی شامل ہیں۔

ذیلی کمیٹی اسٹیل ملز کے انتظامی اور مالیاتی امور کو حل کرنے کیلئے تجاویز، ملازمین کے مسائل کے ساتھ اسٹیل ملز کو آپریشنل کرنے کے حوالے سے لائحہ عمل مرتب کریگی۔

چیئرمین نے کہا اسٹیل ملز کو ہر صورت فعال ہونا چاہئے، ہر شخص کی ملز اراضی پر نظریں ہیں، کراچی کی گرین بیلٹ تباہ کر دی گئی،اب زمین پر بڑی عمارتیں بنائی جائیں گی ۔

مزید خبریں :