Time 20 اگست ، 2024
دنیا

افغانستان میں داڑھی نہ رکھنے پر 280 سے زائد سکیورٹی اہلکار برطرف

افغانستان میں داڑھی نہ رکھنے پر 280 سے زائد سکیورٹی اہلکار برطرف
فوٹو: اے ایف پی فائل

افغانستان میں طالبان حکومت نے داڑھی نہ رکھنے پر 280 سے زائد سکیورٹی  اہلکاروں کر برطرف کر دیا۔

طالبان نے افغانستان میں حکومت سنبھالنے کے بعد بغیر داڑھی والے سرکاری ملازمین کیلئے نئی ہدایات جاری کی تھیں۔

 طالبان کی جانب سے جاری ہدایات میں تمام سرکاری محکموں میں ملازمین کو داڑھی نہ منڈوانے اور مقامی لباس پہننا لازمی قرار دیا گیا تھا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق  منگل کو طالبان حکومت کی وزارت  امر بالمعروف و نہی عن المنکر نے اپنی سالانہ رپورٹ میں بتایا کہ داڑھی نہ رکھنے  پر سکیورٹی فورس کے 280 سے زائد اہلکاروں کو برطرف کیا گیا ہے۔

وزارت میں منصوبہ بندی اور قانون سازی کے ڈائریکٹر محیب اللہ مخلس کا کہنا ہے کہ سیکورٹی فورس میں داڑھی نہ رکھنے  والے اہلکاروں کو خصوصی طور پر شناخت کیا گیا اور پھر میں انہیں برطرف کر دیا گیا۔

وزارت نے بتایا کہ گزشتہ سال افغانستان میں 13 ہزار  سے زائد افراد کو غیر اخلاقی حرکات کے الزام میں حراست میں بھی لیا گیا ۔

اس کے علاوہ بتایا گیا کہ گزشتہ  ایک سال میں 21 ہزار سے زائد موسیقی کے آلات کو توڑا گیا جبکہ ہزاروں کمپیوٹر آپریٹرز کو مارکیٹوں میں غیر اخلاقی فلمیں فروخت کرنے سے روکا گیا۔

واضح رہے کہ  2021 میں امریکی فوج کے انخلا کے بعد اقتدار سنبھالنے والی طالبان حکومت کو اس کی پالیسز کی وجہ سے  انسانی حقوق کی تنظیموں اور اقوام متحدہ  کی جانب سے  شدید تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔

مزید خبریں :