Time 20 اگست ، 2024
کھیل

آئی سی سی نے ٹی20 ورلڈکپ میں نیویارک اور تروبا کی پچز کو 'غیر تسلی بخش' قرار دیدیا

آئی سی سی نے ٹی20 ورلڈکپ  میں نیویارک اور تروبا کی پچز کو  غیر تسلی بخش قرار دیدیا
نیویارک میں 3 جون کو میچ میں سری لنکا کی ٹیم جنوبی افریقا کے خلاف 77 رنز پر آؤٹ ہو گئی تھی—فوٹو فائل

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل( آئی سی سی) نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 میں نیویارک اور ویسٹ انڈیز میں تروبا کی پچز کو  'غیر تسلی بخش' قرار دے دیا۔

 آئی سی سی نے رواں سال امریکا اور ویسٹ انڈیز میں منعقد ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوران نیویارک کے ناساؤ کاؤنٹی اسٹیڈیم میں پہلے 2 میچ اور تروبا میں برائن لارا اکیڈمی کی پچ جس پر سیمی فائنل کھیلا گیا تھا کو غیر تسلی بخش قرار دیا ہے ۔ 

نیویارک میں 3 جون کو میچ میں سری لنکا کی ٹیم جنوبی افریقا کے خلاف 77 رنز پر آؤٹ ہو گئی تھی اور پھر 2 دن بعد آئرلینڈ کو بھارت نے 96 رنز پر آؤٹ کر دیا تھا۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت کا میچ بھی نیویارک اسٹیڈیم میں کھیلا گیا تھا ، جس میں بھارتی ٹیم پہلی بار 119 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی تھی اور پاکستان ٹیم 7 وکٹ پر 113 رنز بنا سکی تھی ، آئی سی سی کی جانب سے اس میچ کی پچ کو 'اطمینان بخش' قرار دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں جنوبی افریقا کے خلاف افغانستان کی ٹیم 56 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی  اور افغانستان کے ہیڈ کوچ جوناتھن ٹروٹ نے کہا تھا یہ ایسی پچ نہیں ہے جس پر آپ سیمی فائنل کھیلنا چاہتے ہیں۔

مزید خبریں :