22 اگست ، 2024
ابوظہبی: متحدہ عرب امارات نے افغان طالبان کے نامزد کردہ سفیر کو تسلیم کرلیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات نے افغانستان کی طالبان حکومت کی جانب سے نامزد کردہ سفیر بدرالدین حقانی کو تسلیم کرلیا۔
افغان وزارت خارجہ نے بھی اپنے بیان میں بدرالدین حقانی کو سفیر نامزد کرنے اور متحدہ عرب امارات کی جانب سے انہیں سفیر تسلیم کرنے کی خبر کی تصدیق کی ہے۔
افغانستان کے طالبان حکمرانوں کی یہ ایک بڑی سفارتی جیت ہے جنہیں اب تک دنیا کی کسی بھی حکومت نے با ضابطہ طور پر تسلیم نہیں کیا ہے۔
افغان سفیر بدرالدین حقانی نے متحدہ عرب امارات کے پروٹوکول امور کے نائب وزیر سیف عبداللہ الشمسی کو اپنی اسناد پیش کیں، بدرالدین حقانی جلد باضابطہ تقریب میں امیر متحدہ عرب امارات کو باضابطہ طور پر اپنی اسناد پیش کریں گے۔
بدرالدین حقانی نے کہا ہے دونوں ممالک کے درمیان قیمتی اور تاریخی تعلقات ہیں، متحدہ عرب امارات کے مسلسل تعاون اور حمایت پر شکر گزار ہیں۔
سیف عبداللہ الشمسی نے کہا کہ نئے سفیر کی تقرری سے دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔
چین اس سے قبل گزشتہ سال دسمبر میں افغان طالبان حکومت کے سفیر کو تسلیم کرنے والا پہلا ملک بنا تھا اور چین کے بعد یو اے ای وہ دوسرا ملک ہے جس نے 2021 میں قائم ہونے والی طالبان حکومت کے نامزد کردہ سفیر کو تسلیم کیا ہے۔
عالمی میڈیا میں اس خبر کے بعد طالبان حکومت کی قانونی اور جائز حیثیت کے حوالے سے ایک نئی بحث کا آغاز ہوگیا ہے کیونکہ زیادہ تر ممالک نے اب تک طالبان کی حکومت کو باضابطہ طور پر تسلیم نہیں کیا ہے۔