28 فروری ، 2012
لاہور… ایم ڈی پیپکو رسول خان محسود نے کہا ہے کہ گرمیوں میں لوڈشیڈنگ کے حوالے سے لوگوں کو زیادہ امید نہیں دلاسکتا اس وقت بھی سسٹم میں 5 ہزار میگاواٹ کا شارٹ فال موجود ہے۔لاہور میں امریکی ادارے یو ایس ایڈ کے زیر اہتمام تقریب انرجی کانفرنس سے خطاب اور میڈیا سے گفت گو میں رسول خان محسودنے کہا کہ جب تک آئی پی پیز کو بقایاجات اور سرکلر ڈیٹ کا خاتمہ نہیں کیا جاتا لوڈشیڈنگ میں کمی ممکن نہیں ہے انھوں نے کہا کہ کراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی،صوبائی اوروفاقی محکموں سے اربوں روپے کے بقایاجات کی وصولی میں سیاسی رکاوٹیں حائل ہیں۔رسول خان محسود نے کہا کہ پنجاب کو زیادہ لوڈ شیڈنگ برداشت کرنا پڑتی ہے یہ ہمارا سیاسی و معاشرتی کلچر کا حصہ ہے۔یو ایس ایڈ کی ڈائریکٹر ملیسا نائٹ نے کہا کہ امریکہ توانائی کے بحران میں کمی کے لئے پاکستان کی مدد کر رہا ہے تاہم اس کو بھی چاہیئے کہ تیل کی بجائے پن بجلی والے زیادہ منصوبوں پر انحصار کرے۔