30 اگست ، 2024
بھارت: ڈاکٹروں نے 8 سالہ بچی کے پیٹ سے کرکٹ بال کے سائز کا بالوں کا گچھا نکال دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق شہر بنگلورو سے تعلق رکھنے والی 8 سالہ بچی ادیتی کو بال کھانے کی عادت تھی جس سے بچی کے پیٹ میں بالوں کا گچھا بن گیا۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ادیتی کے والدین گزشتہ دو سال سے بیٹی کو بھوک نہ لگنے اور بار بار الٹی کی شکایت سے پریشان تھے جس کیلئے والدین نے مختلف ڈاکٹرز سے علاج بھی کروایا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈاکٹرز نے بچی کے معدے کا معائنہ کیا اور معدے میں سوزش کی تشخیص کی۔
بعدازاں ڈاکٹرز کو معلوم ہوا کہ بچی کے پیٹ میں بالوں کا گچھا موجود ہے جسے trichobezoar کہا جاتا ہے۔
ڈاکٹرز کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اتنی کم عمر میں پیٹ میں بالوں کا گچھا جمع ہونا انتہائی نایاب کیس ہے جس کیلئے بچی کے پیٹ کی سرجری کرنا لازمی تھی کیونکہ بالوں کا گچھا بہت بڑا اور چپچپا تھا اور اینڈواسکوپی کرنے کیلئے صورت حال بہت پیچیدہ تھی۔
ڈاکٹرز نے مزید بتایا کہ بچی کے پیٹ کی سرجری کرنے میں ڈھائی گھنٹے لگے جسے کامیابی سے مکمل کیا گیا۔