Time 02 ستمبر ، 2024
پاکستان

روپوش مراد سعید کا وزیراعلیٰ کے پی سمیت دیگر قیادت سے رابطوں کا انکشاف

روپوش مراد سعید کا وزیراعلیٰ کے پی سمیت دیگر قیادت سے رابطوں کا انکشاف
روپوش مرادسعید نے عاطف خان اور شکیل خان کو عہدوں سے ہٹانےکی تحریک شروع کی: پارٹی ذرائع/ فائل فوٹو

پشاور: 9 مئی سے روپوش پی ٹی آئی رہنما مراد سعید کے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور  اور  پارٹی قیادت سےرابطوں کا انکشاف ہوا ہے۔ 

پارٹی ذرائع کے مطابق مراد سعید روپوشی کے باوجود کے پی حکومت اور پارٹی کے اہم فیصلے کرنے والوں میں شامل ہیں جن میں وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور سمیت متعدد دیگر رہنما سابق وفاقی وزیر سے رابطے میں ہیں۔

پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ روپوش مرادسعید نے عاطف خان اور شکیل خان کو عہدوں سے ہٹانےکی تحریک شروع کی جب کہ مرادسعید نے ہی علی امین گنڈاپور کو شکیل خان کے معاملات پر سخت ردعمل دینے پر آمادہ کیا۔ 

پارٹی ذرائع کا مزید بتانا ہے کہ پی ٹی آئی کے پی پارلیمانی پارٹی میں اختلافات کے پیچھے بھی مراد سعید کا کردار ہے اور مراد سعید مخالف گروپ کے رہنما کی عمران خان سے ملاقات کرانے پر مشعال یوسفزئی کو بھی ہٹایا گیا۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی رہنما مراد سعید کو 9 مئی کیسز میں اشتہاری ملزم قرار دیا گیا ہے اور وہ تاحال روپوش ہیں۔


مزید خبریں :