28 فروری ، 2012
کوئٹہ …کوئٹہ کے شہریوں اور طلباء نے افغانستان میں امریکن فوجیوں کی جانب سے قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی اور مظاہرہ کیا۔ کوئٹہ کے علاقے سیٹلائیٹ ٹاون کے رہائشیوں اور ملا خیل اسٹوڈینٹ آرگنائزیشن کے زیر اہتمام پریس کلب کے سامنے ہونے والے احتجاجی مظاہرے کے شرکاء نے بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر فغانستان کے علاقے بگرام میں امریکن فوجیوں کی جانب سے قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف نعرے درج تھے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ اس حکومت بین الا قوامی سطح پر احتجاج کرتے ہوئے امریکہ سے اس واقعہ کی مذمت کرے اور متعلقہ اہلکاروں کو سزا دی جائے ۔انہوں نے کہا کہ دین اسلام میں ہر مذہب کے لوگوں کے ساتھ عزت و احترام کا درس دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر اس واقعہ کی باز پرس نہ کی گئی تو فرقہ وارانہ فسادات پھیل سکتے ہیں۔ مظاہرے سے قبل ایک ریلی بھی نکالی گئی جو سیٹلائیٹ ٹاون سے ہوتی ہوئی شہر کے مختلف راستوں سے گزر کر پریس کلب پہنچی۔