Time 08 ستمبر ، 2024
پاکستان

عظمیٰ بخاری نے پی ٹی آئی رہنماؤں کی جلسے سے متعلق فیک ویڈیو اور تصاویر کی نشاندہی کردی

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں کی جانب سے اسلام آباد جلسے سے متعلق پوسٹ کی گئی فیک ویڈیوز اور تصاویر کی نشاندہی کردی۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری کا کہنا تھاکہ پی ٹی آئی رہنما جلسے سے متعلق فیک ویڈیو اور تصویریں شیئر کر رہے ہیں اور شرکا کی تعداد کو بڑھا چڑھا کر پیش کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فیک پارٹی، فیک جلسے، فیک ویڈیو اور فیک تصویروں پر جلسے کی تشہیر ہورہی ہے۔

سوشل میڈیا پر جعلی ویڈیوز کی نشاندہی کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پی ٹی آئی رہنما عارف علوی نے جنید اکبر کے نام سے 14 اگست کی ویڈیو شیئرکی جو کشمیر کی ہے، عارف علوی جیسے شخص کوبھی نمبر بڑھانےکیلئے پرانی ویڈیوز شیئر کرنی پڑرہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہبازگل بھی اگست کے مہینے کی ویڈیو اور تصاویر شیئر کررہے ہیں۔

عظمیٰ بخاری کا کہنا تھاکہ حقیقت میں ان کو جلسے کیلئے لوگ نہیں مل رہے، اطلاعات ہیں پنجاب کی پی ٹی آئی قیادت جلسے میں لوگ لے جانے کیلئے تیار ہی نہیں، اس لیے پنجاب کی تمام سڑکیں خالی ہیں۔

دوسری جانب سابق صدر عارف علوی نے پرانی تصاویر شیئر کرنے پر معذرت کر لی۔

اپنے بیان میں عارف علوی نے کہا کہ وہ تصاویر کسی پرانے موقع کی تھیں جو ڈیلیٹ کردی ہیں، اپنی اس غلطی پر معذرت چاہتا ہوں۔

مزید خبریں :