18 فروری ، 2013
کراچی…سانحہ کوئٹہ میں جاں بحق اور زخمی ہو نے والوں کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کے لیے شیعہ علماء کونسل کی جانب سے کراچی کے مختلف علاقوں میں احتجاجی دھرنے جاری ہیں، جس کے باعث شہر کی بیشتر اہم شاہراہوں کو ٹریفک کے لئے بند کردیا گیا ہے،،شہر کے مختلف علاقوں میں جاری دھرنوں میں بچے اور خواتین بھی شریک ہیں۔شیعہ علماء کونسل کی جانب سے جن علاقوں میں رات گئے بھی دھرنے جاری ہیں ان میں انچولی سوسائٹی، عائشہ منزل، نارتھ ناظم آباد میں فائیو اسٹار چورنگی، رضویہ سوسائٹی، نمائش ، عباس ٹاوٴن، یونیورسٹی روڈ، ملیر، شارع فیصل اور شاہراہ پاکستان شامل ہیں۔ ترجمان مجلس وحدت مسلمین کے مطابق سندھ بھر میں ہونے والی ہڑتال میں عوام سے پر امن رہنے کی اپیل ہے، انھوں نے تاجر اتحاد، ٹرانسپورٹ اور دیگر سیاسی اور مذہبی جماعتوں کی جانب سے پر امن ہڑتال کی حمایت کر نے پرشکریہ بھی ادا کیا ہے۔