Time 13 ستمبر ، 2024
دلچسپ و عجیب

موسمیاتی تبدیلیوں کے ایسے عجیب اثر کا انکشاف جس نے سائنسدانوں کو دنگ کر دیا

موسمیاتی تبدیلیوں کے ایسے عجیب اثر کا انکشاف جس نے سائنسدانوں کو دنگ کر دیا
گرین لینڈ کا Dickson Fjord / اسکرین شاٹ

انسانوں کے باعث آنے والی موسمیاتی تبدیلیوں سے زمین پر متعدد اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔

اب اس کے ایک اور ایسے عجیب اثر کا انکشاف ہوا ہے جس نے سائنسدانوں کو دنگ کر دیا ہے۔

گرین لینڈ میں ستمبر 2023 میں ایک لینڈ سلائیڈ سے سونامی متحرک ہونے سے زمین مسلسل 9 دن تک لرزتی رہی۔

اس حیران کن ایونٹ کا انکشاف دنیا بھر میں کام کرنے والے ارتھ کوئیک سنسرز سے ہوا۔

یہ اتنا حیران کن واقعہ تھا کہ سائنسدان شروع میں اس کی وجہ کا تعین کرنے میں ناکام رہے اور اس اسرار کو جاننے کے لیے مسلسل کام کرتے رہے۔

لندن کالج یونیورسٹی کے ماہر اسٹیفن ہکس نے بتایا کہ 'ہم یہ جان کر دنگ رہ گئے کیونکہ سگنل مسلسل آرہے تھے مگر یہ زلزلے کے سگنل سے بالکل مختلف تھے، ہم نے اسے unidentified seismic object (یو ایس او) قرار دیا'۔

انہوں نے مزید بتایا کہ 'ایسا 9 دن تک ہر 90 سیکنڈز میں ہوتا رہا'۔

زلزلوں کے جھٹکوں کا دورانیہ چند منٹ کا ہوتا ہے مگر یہ پراسرار عمل 9 دن تک ہر 90 سیکنڈز میں ہوتا رہا۔

یو ایس او کے اسرار کو اب حل کرلیا گیا ہے اور ایسا 15 ممالک سے تعلق رکھنے والے 70 افراد کی کوششوں سے ہوا۔

ماہرین نے دریافت کیا کہ ستمبر 2023 میں گرین لینڈ میں ایک لینڈ سلائیڈ سے گلیشیئر پر موجود برف نیچے گری اور اس سے 200 بلند پانی کی لہر متحرک ہوئی جو ایک تنگ جگہ مٰں پھنس گئی، جس سے دنیا بھر میں سنسرز نے زمینی ارتعاش کو مسلسل 9 دنوں تک شناخت کیا۔

انہوں نے بتایا کہ اس طرح کی لینڈ سلائیڈز موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث اب زیادہ عام ہوتی جا رہی ہیں کیونکہ درجہ حرارت میں اضافے سے گرین لینڈ کے پہاڑوں پر موجود برف پگھل رہی ہے۔

تحقیقی ٹیم کے مطابق اس پراسرار ارتعاش کا ماخذ مشرقی گرین لینڈ کا Dickson Fjord تھا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ جب ہم نے اس سائنسی مہم پر کام شروع کیا تو ہر فرد حیران تھا اور کسی کو بھی اندازہ نہیں تھا کہ یو ایس او کی وجہ کیا ہے۔

اس تحقیق کے نتائج جرنل سائنس میں شائع ہوئے۔

مزید خبریں :