Time 17 ستمبر ، 2024
دنیا

کلکتہ زیادتی و قتل کیس: پولیس سربراہ سمیت 3 اعلیٰ سرکاری عہدیدار برطرف

کلکتہ زیادتی و قتل کیس: پولیس سربراہ سمیت 3 اعلیٰ سرکاری عہدیدار برطرف
واقعے کے بعد سے بھارت بھر میں طبی عملے کی جانب سے احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے— فوٹو: رائٹرز

بھارتی شہر کلکتہ میں گزشتہ ماہ خاتون ڈاکٹر سے زیادتی اور قتل کے واقعے کے بعد کلکتہ کے پولیس سربراہ سمیت 3 اعلیٰ سرکاری عہدے داروں کو برطرف کردیا گیا۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق برطرف ہونے والوں میں ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز اور ڈائریکٹر میڈیکل کالجز بھی شامل ہیں۔

خیال رہے کہ کلکتہ کے سرکاری اسپتال سے 9 اگست کو ٹرینی ڈاکٹر کی تشدد زدہ لاش ملی تھی۔ لاش کے پوسٹ مارٹم کے بعد خاتون ڈاکٹر کے ساتھ زیادتی کا بھی انکشاف ہوا تھا۔

واقعے کے بعد سے ہی کلکتہ سمیت بھارت بھر میں ڈاکٹروں اور طبی عملے کی جانب سے احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔

بھارتی ریاست مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بینرجی نے گزشتہ روز طبی عملے کے ساتھ ملاقات کے بعد اعلان کیا کہ طبی عملے کے مطالبات مانتے ہوئے ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز، ڈائریکٹر میڈیکل کالجز اور کلکتہ کے پولیس کمشنر کو ان کے عہدے سے ہٹا دیا جائے گا۔

حکام کی جانب سے خاتون ڈاکٹر سے زیادتی اور قتل کے الزام میں ایک شخص کو گرفتار کیا گیا ہے تاہم ریاستی حکومت کو اس کیس کے حوالے سے شدید تنقید کا سامنا ہے۔

مزید خبریں :