Time 18 ستمبر ، 2024
انٹرٹینمنٹ

سنیما اور آرٹ میں پاکستان تعریف کے قابل ہے، اس سے متاثر ہونے میں کچھ غلط نہیں: بھارتی اداکار کا اعتراف

سنیما اور آرٹ میں پاکستان تعریف کے قابل ہے، اس سے متاثر ہونے میں کچھ غلط نہیں: بھارتی اداکار کا اعتراف
بھارتی ڈراموں میں کچھ بھی کرکے صرف 22 منٹ کے ڈرامے کی فوٹیج پوری کرنی ہے، بس 20 سال پرانے طرز پر چل رہے ہیں: سمرجیت سنگھ/ فائل فوٹو

بھارتی اداکار سمرجیت سنگھ نے پاکستانی ڈراموں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ سنیما اور آرٹ میں پاکستان تعریف کے قابل ہے۔

سمرجیت سنگھ نے اپنے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں انہوں نے پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ 'میں نے ایک پاکستانی سیریل دیکھا، سادہ اسٹوری اور نیچرل اداکاری تھی۔'

انہوں نے کہا کہ 'بھارتی ڈراموں میں اگر ایک لڑکی سیڑھیوں سے گر رہی ہے تو وہ ایک ہفتے تک گرتی رہتی ہے، ساتھ میں میوزک اور سین میں موجود تمام افراد کا کلوز اپ شاٹ لیا جاتا ہے، کچھ بھی کرکے صرف 22 منٹ کے ڈرامے کی فوٹیج پوری کرنی ہے، نہ بجٹ اور نہ ہی انفرا اسٹرکچر کی کمی ہے، بس 20 سال پرانے طرز پر چل رہے ہیں۔'

انہوں نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ 'ہاں! ڈراموں میں صرف ناگنیں اور چڑیلیں شامل ہوگئی ہیں۔'

سمرجیت سنگھ نے مزید کہا کہ 'اگر پاکستان اور بھارت کے تعلقات کو الگ رکھ کر سنیما اور آرٹ کے نقطہ نظر سے دیکھیں تو پاکستانی ٹی وی سیریلز تعریف کے قابل ہیں، ہم کہتے ہیں ٹی وی اور ٹی وی سیریلز کا زمانہ نہیں رہا، ایسا کچھ نہیں ہے فلم ہو، سیریز ہو یا ٹی وی سیریلز ہی کیوں نہ ہو، اچھے بنائیں گے تو چلیں گے لیکن اچھا بناؤ تو ناں۔'

بھارتی اداکار نے اپنی ویڈیو کے آخر میں کہا کہ  'میرے کئی بار  سیریل کی آڈیشن ہوتے ہیں تو مجھے بولتے ہیں اوور ایکٹنگ کرو، ڈرامہ کرو یہ سیریل ہے، ہمیں کچھ تبدیلی لانے کی ضرورت ہے اور پاکستانیوں سے متاثر ہونا چاہیے اس میں کچھ غلط نہیں۔'

مزید خبریں :