Time 19 ستمبر ، 2024
دنیا

ٹائی ٹینک کے سفر کے دوران تباہ ہونے والی آبدوز ٹائٹن کے ملبے کی پہلی ویڈیو جاری

گزشتہ دنوں ٹائی ٹینک کی جانب سے سفر کرتے ہوئے تباہ ہونے والی آبدوز ٹائٹن کے ملبے کی پہلی تصویر سامنے آئی تھی۔

اب یو ایس کوسٹ گارڈ میرین بورڈ آف انویسٹی گیشن کی جانب سے اوشین گیٹ کی اس بدقسمت آبدوز کے ملبے کی پہلی ویڈیو بھی جاری کر دی گئی ہے۔

اس ویڈیو میں ٹائٹن کی ٹیل کون کو دکھایا گیا جو سمندر کی تہہ میں دھنسی ہوئی ہے اور درمیان سے پھٹی ہوئی ہے جس سے آبدوز کی تاریں جھلک رہی ہیں۔

اس ویڈیو کو ریموٹلی آپریٹڈ وہیکل (آر او وی) سے بنایا گیا تھا اور ویڈیو میں ملبے کے ساتھ تاروں، برقی سامان، پریشر گیج اور دیگر سامان کو دکھایا گیا ہے۔

آبدوز کا ملبہ ٹیل کون کے ساتھ بکھرا ہوا نظر آرہا ہے جبکہ ایک سائیڈ پر اسے بنانے والی کمپنی اوشین گیٹ کا لوگو دیکھا جاسکتا ہے۔

اس ویڈیو کو کوسٹ گارڈ کمیٹی کی 2 ہفتوں تک جاری رہنے والی سماعت کے دوران دکھایا گیا۔

اس سماعت کا آغاز 16 ستمبر کو ہوا تھا اور اس میں آبدوز کے تباہ ہونے کی وجوہات کی تحقیقات کی جائے گی جبکہ اس حوالے سے ممکنہ اقدامات تجویز کیے جائیں گے۔

سماعت کے دوران 24 گواہوں کے بیانات بھی ریکارڈ کیے جائیں گے جن میں سے زیادہ تر اوشین گیٹ کے سابق ملازمین ہیں۔

سماعت کے آغاز میں سمندر میں موجود ٹائٹن کے ملبے کی تصویر اور اس سے بھیجے جانے والے آخری پیغام (ٹیکسٹ میسج) کے بارے میں بھی بتایا گیا۔

آبدوز سے بھیجے جانے والے آخری پیغام میں کہا گیا تھا کہ 'یہاں سب ٹھیک ہے'۔

خیال رہے کہ 1912 میں تباہ ہونے والے مسافر بردار بحری جہاز ٹائی ٹینک کا ملبہ دیکھنے کیلئے جانے والی آبدوز ٹائٹن 18 جون کو بحر اوقیانوس میں لاپتہ ہوئی تھی۔

بدقسمت آبدوز میں 2 پاکستانیوں سمیت 5 مسافر سوار تھے جو اس سانحے میں بچ نہیں سکے تھے۔

ان مسافروں نے بحر اوقیانوس کی گہرائی میں موجود ٹائی ٹینک کے ملبے کو دیکھنے کے لیے ڈھائی لاکھ ڈالرز فی کس دیے تھے۔

اس آبدوز کو فائبر اور titanium سے تیار کیا گیا تھا جسے چلانے کے لیے ویڈیو گیم کنٹرولر کو استعمال کیا جاتا تھا۔

اپنے سفر کے آغاز میں ہی یہ لاپتہ ہوگئی تھی اور 22 جون کو اس کے تباہ ہونے کی سرکاری تصدیق کی گئی اور وہاں سے کچھ انسانی باقیات کو بھی نکالا گیا تھا۔

مزید خبریں :