18 فروری ، 2013
لاہور … پاکستان مسلم لیگ (ن) نے آئندہ عام انتخابات کے سلسلے میں اپنے امیدواروں کو پارٹی ٹکٹ کے اجرا کیلئے فارمز جاری کردئیے۔ پارٹی امیدواروں کو ٹکٹ کے حصول کیلئے فیس کے سمیت مسلم لیگ کے قائد محمد نواز شریف پر مکمل اعتماد کا اقرار نامہ بھی جمع کروانا ہوگا۔ جیو نیوز کو موصول ہونے والی ٹکٹ فارم کی کاپی کے مطابق قومی اسمبلی کے امیدواروں کو پارٹی ٹکٹ کیلئے 50 ہزار ، صوبائی اسمبلی ٹکٹ کیلئے 30 ہزار، قومی اسمبلی کی مخصوص نشست کیلئے ایک لاکھ اور صوبائی اسمبلی کی مخصوص نشست کیلئے 75 ہزار روپے فیس مقرر کی گئی ہے۔ اقرار نامے میں امیدواروں سے ٹکٹ ملنے یا نہ ملنے کی صورت میں پارٹی ڈسپلن کا پابند رہنے اور پارٹی کی مرکزی اور صوبائی قیادت کے احکامات پر عملدرآمد کی یقین دہانی کا بھی کہا گیا ہے۔