18 فروری ، 2013
اسلام آباد … صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ گوادر پورٹ کا انتظام چینی کمپنی کو منتقل کرنے کے معاہدے سے گوادر اور بلوچستان میں اقتصادی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا، یہ معاہدہ بلوچستان کے عوام کیلئے بھی تاریخی ہے۔ اسلام آباد میں گوادر پورٹ کا انتظام چینی کمپنی کو منتقل کرنے کے معاہدے پر دستخط کر دیے گئے، چینی کمپنی گوادر میں فری اکنامک زون قائم اور گوادر سے رتو ڈیرو تک سڑ ک تعمیر کریگی ۔ معاہدے پر چیئرمین گوادر پورٹ اتھارٹی سید پرویز عباس، نیشنل لاجسٹک سیل کے میجر جنرل اصغر نواز، چیئرمین اے کے ڈی سیکیورٹی عقیل کریم ڈھیڈی، چائنہ اوورسیز پورٹ ہولڈنگز لمیٹڈ کے لیو فانگ اور سنگاپور اتھارٹی کے نمائندے فیصل جاوید نے دستخط کیے۔ معاہدے کے تحت گوادر پورٹ پاکستان کی ملکیت رہے گی جبکہ انتظام چینی کمپنی سنبھالے گی اور اس کا منافع شیئر کرے گی۔ صدر آصف علی زرداری نے ایوان صدر اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معاہدے سے گوادر اور بلوچستان میں اقتصادی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا، معاہدہ نہ صرف پاکستان اور چین بلکہ بلوچستان کے عوام کیلئے بھی تاریخی ہو گا جس سے صوبے میں نئے دور کا آغاز ہوگا۔ صدر زرداری نے کہا کہ پاک چین دوستی وقت کے ساتھ مضبوط تر ہو رہی ہے، جو پہلے بھی ہر آزمائش پر پوری اتری ہے۔ صدر نے کہا کہ امن وامان سمیت تمام چیلنجز کے باوجود ہمیں آگے بڑھنا ہے۔ صدر نے اس معاہدے کیلئے وفاقی وزیر بابر خان غوری کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔