18 فروری ، 2013
لاہور … مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف کا کہنا ہے کہ کوئٹہ میں 80 سے زائد بے گناہ انسانوں کا قتل بہت بڑا المیہ ہے، اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، ثابت ہو گیا کہ بلوچستان میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں۔ لاہور سے جاری بیان میں نواز شریف کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کی اس واردات سے ثابت ہوگیا کہ بلوچستان میں حکومت نام کی کوئی شے نہیں، حکومت کے نزدیک انسانی جانوں کی کوئی قیمت نہیں، نہ ہی حکومت نے گزشتہ 5 سال کے دوران امن وامان کے مسئلے کو سنجیدگی سے لیا ہے۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ کوئٹہ اور ملک کے دوسرے حصوں میں دہشت گردی کی کارروائیوں کو نہ روکا گیا تو یہاں خدا نخواستہ کچھ باقی نہیں رہے گا۔