18 فروری ، 2013
کراچی … سانحہ کوئٹہ کے خلاف وکلاء کے بائیکاٹ کے باعث چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نے تمام بینچ ڈسچارج کردیئے۔ سندھ ہائیکورٹ بار کے اجلاس میں منظور کردہ قرارداد میں وفاقی وصوبائی حکومتوں کو امن و امان کے قیام میں ناکام قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا گیا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے ملزمان کو قانون کی گرفت میں لایا جائے۔ سانحہ کوئٹہ کے خلاف سندھ ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کی جنرل باڈی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں صدر سندھ ہائیکورٹ مصطفی لاکھانی، سابق صدر سپریم کورٹ بار یاسین آزاد، وائس چیئرمین سندھ بار کونسل محمد عاقل ایڈووکیٹ اور صدر کراچی بار نعیم قریشی نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ اس موقع پر جاں بحق افراد کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔ اجلاس میں قرارداد پیش کی گئی جس میں مطالبہ کیا گیا کہ کوئٹہ میں ہزارہ کمیونٹی کو نشانہ بنایا جارہا ہے اور حکومت قاتلوں کی گرفتاری میں ناکام ہوگئی ہے۔ اجلاس میں اعلان کیا گیا کہ امن وامان کے قیام کیلئے 27 فروری کو سٹی کورٹ سے مزار قائد تک امن مارچ کیا جائے گا، مار چ میں سیاسی کارکن، تاجر اور صحافی بھی شریک ہوں گے۔