20 ستمبر ، 2024
تھائی لینڈ میں اژدھے کے چنگل میں جکڑی معمر خاتون کو 2 گھنٹے کی کوشش کے بعد زندہ بچا لیا گیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اروم نامی 64 سالہ خاتون بنکاک کی رہائشی ہیں جو اپنے کچن میں کام کر رہی تھیں کہ اچانک ایک دیو ہیکل اژدھے نے آکر انہیں جکڑ لیا۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ 13 سے 16 فٹ لمبا اژدھا کچن میں آکر خاتون کی ٹانگوں پر لپٹ گیا، خاتون کو ٹانگوں پر دباؤ محسوس ہوا جس کے بعد وہ ٹانگوں پر لپٹے اژدھے کو دیکھ کر خوفزدہ ہوگئیں۔
خاتون نے بتایا کہ اژدھے نے میری ٹانگ پر زور سے کاٹا اور جسم پر پر لپٹنا شروع ہوگیا، انہوں نے یہ بھی بتایا کہ میں نے اژدھے کا سر پکڑ کر خود کو چھڑوانے کی کوشش بھی کی لیکن ناکام رہی۔
خاتون کے مطابق شور مچانے پر آواز سن کر پڑوسی نے پولیس کو اطلاع دی جس کے بعد پولیس فوری موقعے پر پہنچ گئی۔
اس حوالے سے پولیس نے بتایا کہ خاتون کچن کی زمین پر بیٹھی تھی اور اژدھا خاتون پر لپٹا ہوا تھا جسے دیکھ کر ہم دنگ رہ گئے۔
پولیس نے مزید بتایا کہ اژدھا بہت بڑا تھا جس کی گرفت بھی بہت سخت تھی، سانپ پکڑنے والے آلے سے اژدھے کے سر پر بار بار مارتے رہے جس کی وجہ سے اس نے اپنی گرفت ڈھیلی کی اور خاتون کو ریسکیو کیا گیا۔
پولیس کے مطابق اژدھے نے خاتون کو 2 گھنٹے تک جکڑے رکھا اور خاتون کو کئی بار کاٹا بھی لیکن پھر خاتون کو چھوڑ کر بھاگنے پر مجبور ہو گیا۔