پاکستان
18 فروری ، 2013

مسلح افواج ہزارہ کمیونٹی کے قاتلوں کے خلاف کارروائی کریں،الطاف حسین

 مسلح افواج ہزارہ کمیونٹی کے قاتلوں کے خلاف کارروائی کریں،الطاف حسین

لندن …متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے مسلح افواج اور سیکیورٹی اداروں کے سربراہان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ہزارہ کمیونٹی کے سفاک قاتلوں کے خلاف بھرپورکارروائی کریں، شہدا کے لواحقین کے زخموں پر مرہم رکھیں اور شیعہ کمیونٹی کو جان ومال کا تحفظ فراہم کریں۔ یہ بات الطاف حسین نے ہزارہ قبیلے کے سردار اور ہزارہ یکجہتی کونسل کے چیرمین سردار سعادت علی سے ٹیلی فون پر بات چیت کرتے ہوئے کہی،انھوں نے سردار سعادت علی سے شیعہ برادری کے سفاکانہ قتل عام کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی اور سوگوارلواحقین سے دلی تعزیت کااظہار کیااور کہا کہ ہم شہدا کے لواحقین کے سوگ میں برابر کے شریک ہیں اور شیعہ کمیونٹی کو یقین دلاتے ہیں کہ ایم کیوایم ان پر ہونے والے ظلم کے خلاف ہرسطح پر جدوجہد کرتے رہیں گے خواہ اس کے لیے ہمیں کتنی ہی قربانیاں ہی کیوں نہ دینی پڑیں۔الطاف حسین نے سانحہ کوئٹہ کے المناک واقعات پر حکمرانوں کی سرد مہری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ اگر وہ مظلوموں کا قتل عام روکنے میں مجبوریا ناکام ہیں تو وہ حکومت چھوڑدیں۔ انھوں نے کہا کہ سفاک قاتل خواہ کہیں بھی ہوں پاکستان کی مسلح افواج اور سیکیورٹی اداروں کے سربراہان کا فرض ہے کہ وہ ہزارہ کمیونٹی کے سفاک قاتلوں کے خلاف بھرپورکارروائی کریں، سردار سعادت علی نے ہزارہ کمیونٹی کے حق میں صدائے احتجاج بلند کرنے پر الطاف حسین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ ہزارہ کمیونٹی سمیت تمام اہل تشیع برادری آپ کے جذبات کی قدر کرتی ہے، آپ نے مظلوموں کی حمایت کی ہے اور جس طرح مظلوموں کو پیار ، محبت اور عزت دی ہے ہم یقین دلاتے ہیں کہ شیعہ برادری اس عمل کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔دریں اثناء الطاف حسین نے ہزا رہ کمیونٹی کے رہنماء اور سابق گورنر بلو چستان جنرل موسیٰ کے صاحبزادے مہدی موسیٰ سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور ہزارہ کمیونٹی کے قتل عا م پر دلی تعزیت کی ،انھوں نے کہا کہ ایم کیوایم تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علمائے کرام سے رابطہ کر رہی ہے اور میں خود بھی ملک بھر کے تمام علما ئے کرام سے با ت کر رہا ہوں تاکہ وہ بھی دہشت گردی کی مذمت کریں اور مظلوم عوام پر ظلم وستم کا سلسلہ بند کرایا جاسکے ۔ مہد ی موسیٰ نے مظلوم ہزارہ کمیونٹی پر ظلم کے خلا ف جر ات سے آواز اٹھا نے پر الطاف حسین کا شکر یہ ادا کیا۔


مزید خبریں :