Time 22 ستمبر ، 2024
دلچسپ و عجیب

گمشدہ بلی 900 میل سے زیادہ فاصلہ طے کرکے اپنے گھر واپس پہنچ گئی

گمشدہ بلی 900 میل سے زیادہ فاصلہ طے کرکے اپنے گھر واپس پہنچ گئی
یہ وہ بلی ہے / فوٹو بشکریہ KSBW

امریکا کے یلو اسٹون نیشنل پارک میں گم ہو جانے والی بلی 900 میل سے زیادہ فاصلہ طے کرکے 2 ماہ بعد اپنے گھر واپس پہنچ گئی۔

جی ہاں ڈھائی سالہ رائنی بیاؤ نے حیرت انگیز کارنامہ سرانجام دیا ہے۔

بلی کی مالکان سوزن اور بینی انگیوانو ریاست کیلیفورنیا کے علاقے Salinas سے تعلق رکھتے ہیں۔

کچھ ماہ قبل وہ  ریاست Wyoming میں واقع یلو اسٹون نیشنل پارک گئے تھے جہاں ان کی بلی گم ہوگئی۔

یہ بلی وہاں پہنچنے کے فوراً بعد ہی 4 جون کو گم ہوگئی تھی۔

سوزن انگیوانو نے بتایا کہ 'میرے شوہر میرے ہیرو ہیں کیونکہ وہ روزانہ کئی گھنٹوں تک جنگل میں جاکر بلی کو ڈھونڈتے تھے'۔

جوڑے کی جانب سے بلی کی پسندیدہ غذاؤں اور کھلونوں کے ذریعے اسے واپس لانے کی کوشش کی مگر ناکامی کا سامنا ہوا۔

اس کے بعد وہ بلی کی تلاش ختم کرکے واپس کیلیفورنیا چلے گئے۔

سوزن انگیوانو کے مطابق انہیں امید تھی کہ گمشدہ بلی واپس آئے گی مگر رائنی بیاؤ کے گم ہونے کے ایک ماہ بعد انہوں نے اس کی بہن کو گود لے لیا۔

اس جوڑے نے دونوں بلیوں کو 11 ہفتے کی عمر میں بچایا تھا۔

رائنی بیاؤ کے غائب ہونے کے 61 دن بعد اس جوڑے کو ایک بلی کے بارے میں نوٹیفکیشن موصول ہوا جس پر ان کی بلی کا شناختی نمبر درج تھا۔

رائنی بیاؤ کو کیلیفورنیا کے علاقے Roseville میں دریافت کیا گیا تھا جو کہ Salinas سے 190 میل کے فاصلے پر واقع ہے۔

اسے وہاں جانوروں کے تحفظ کے لیے کام کرنے والے ایک ادارے نے اپنی تحویل میں لیا تھا۔

اس بلی کو ایک خاتون نے دریافت کیا کہ اور اس کی حالت کافی خراب تھی۔

خاتون نے بلی کو ادارے کے حوالے کیا اور وہاں کام کرنے والوں نے بلی میں نصب مائیکرو چپ سے اس کے مالکان کا پتا لگایا۔

مجموعی طور پر اس بلی نے Wyoming سے Roseville اور پھر اپنے گھر تک ایک ہزار میل سے زیادہ فاصلہ طے کیا۔

جوڑے نے کہا کہ انہیں یقین نہیں تھا کہ یہ بلی کیلیفورنیا واپس آسکے گی مگر وہ اس کی گھر واپسی پر خوش ہیں۔

مزید خبریں :