Time 20 ستمبر ، 2024
دلچسپ و عجیب

وہ چڑیا گھر جہاں کتوں کو پانڈا کی طرح پینٹ کردیا گیا

وہ چڑیا گھر جہاں کتوں کو پانڈا کی طرح پینٹ کردیا گیا
یہ وہ کتے ہیں / اسکرین شاٹ

چین میں ایک چڑیا گھر نے اعتراف کیا ہے کہ وہاں لوگوں کی توجہ کا مرکز بننے والے 2 پانڈا درحقیقت کتے ہیں جن پر پینٹ کیا گیا ہے۔

چینی صوبے گوانگ ڈونگ کے ایک چڑیا گھر میں چاؤ چاؤ نسل کے کتوں کو پینٹ کے ذریعے پانڈا جیسا بنا دیا گیا۔

ان کتوں کے بال بہت بڑے ہوتے ہیں اور اسی لیے انہیں پانڈا کی شکل دینا زیادہ مشکل نہیں ہوتا۔

چڑیا گھر کی انتظامیہ کی جانب سے یہ اعتراف اس وقت کیا گیا جب ان کتوں کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی۔

اس کے بعد ایک اور صارف کی جانب سے ان کتوں کی تصویر شیئر کی گئی جن میں یہ جانور ایک ایسے پنجرے میں تھے جس کے برابر میں موجود سائن بورڈ میں لکھا تھا کہ 'پینٹ ڈاگ'۔

چڑیا گھر کی عہدیدار ہوانگ نے بتایا کہ یہ کتے لوگوں کو بہت زیادہ پسند ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ یہ چاؤ چاؤ نسل کے کتے ہیں جن کو پینٹ کرکے پانڈا بنایا گیا۔

یہ پہلی بار نہیں جب چین میں کتوں کو پیٹ کرکے پانڈا کے طور پر استعمال کیا گیا ہے۔

اس سے قبل مئی 2024 میں چینی صوبے جیانگسو کے ایک چڑیا گھر میں بھی ایسا کیا گیا تھا۔

اس چڑیا گھر میں بھی چاؤ چاؤ نسل کے 2 کتوں کو پانڈا بنایا گیا۔

انتظامیہ کی جانب سے 'ڈاگ پانڈا' کے نام سے اشتہار بھی لگایا گیا اور بتایا کہ چڑیا گھر میں اصلی پانڈا نہ ہونے کے سبب انہوں نے کتوں کو رنگ کر کے پانڈا جیسا دکھانے کی کوشش کی۔

مزید خبریں :