پاکستان
19 فروری ، 2013

سانحہ کوئٹہ کیخلاف کراچی میں دھرنا ،ٹرینوں اور پروازوں کا شیڈول متاثر

سانحہ کوئٹہ کیخلاف کراچی میں دھرنا ،ٹرینوں اور پروازوں کا شیڈول متاثر

کراچی…سانحہ کوئٹہ کے خلاف کراچی کے مختلف علاقوں میں احتجاجی دھرنے جار ی ہیں۔ شہر میں سڑکوں کی بندش سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا ہے جبکہ مسافروں کے ایئرپورٹ نہ پہنچنے کے باعث پی آئی کا شیڈول بھی متاثر ہوا ہے اور کئی پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔سانحہ کوئٹہ کے خلاف شیعہ علماء کونسل کے تحت مرکزی دھرنا نمائش چورنگی پر گزشتہ 38گھنٹوں سے جاری ہے ۔ دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے علماء نے کہا کہ ملک میں حکومت نا م کی کوئی چیز نہیں ہے اور سانحہ کوئٹہ کی ذمہ داری وہاں تعینات ایف سی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر ہے۔ دھرنے میں خواتین ، بچوں اور بزرگوں کی بڑی تعداد میں شریک ہیں۔ سانحہ کوئٹہ کے خلاف، کلفٹن تین تلوار، انچولی ، عباس ٹاوٴن، عائشہ منزل ، فائیواسٹار چورنگی، رضویہ سوسائٹی ، صفورا گوٹھ، ملیر سمیت دیگر علاقوں میں بھی دھرنا دیا جارہا ہے۔ دھرنے کے باعث شہر کی مین شاہراہیں بند ہو گئی ہیں جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔ دوسری جانب شارع فیصل کی بندش سے ایئر پورٹ آنے اور جانے والے مسافروں کو بھی مشکلات کا سامنا ہے جس سے پی آئی اے کی پروازوں کا شیڈول بھی متاثر ہوا ہے۔ایئر لائن ذرائع کے مطابق کراچی سے ڈھاکہ کی پرواز پی کے 266 کی روانگی میں تاخیر ہوئی ہے۔ پرواز کو صبح روانہ ہونا تھا تاہم مسافروں کے نہ پہنچنے کے باعث اب دوپہر دو بجے روانہ ہوگی۔ اسی طرح کراچی سے لاہور کی پرواز پی کے 302 بھی تاخیر سے دو پہر دو بجے روانہ ہوگی۔ کراچی سے کوئٹہ قندھار جانے والی پرواز پی کے 198 کو منسوخ کر دیا گیا ہے۔

مزید خبریں :