Time 25 ستمبر ، 2024
پاکستان

190 ملین پاؤنڈ ریفرنس: بشریٰ بی بی کے وکیل آج بھی پیش نہ ہوئے، آخری گواہ پر جرح نہ ہوسکی

190 ملین پاؤنڈ ریفرنس: بشریٰ بی بی کے وکیل آج بھی پیش نہ ہوئے، آخری گواہ پر جرح نہ ہوسکی
سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو جیل میں قائم عدالت میں پیش کیا گیا—فوٹو: فائل

190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے وکیل آج بھی پیش نہ ہوئے جس کی وجہ سے نیب کے تفتیشی افسر اور کیس کے آخری گواہ پر جرح 24 سماعتوں بعد بھی نہ ہوسکی۔

190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں آخری گواہ نیب تفتیشی افسر میاں عمر ندیم پر جرح کو آج ایک بار پھر آگے نہ بڑھایا جاسکا۔ 

نیب وکلاء کا کہنا تھا کہ ریفرنس میں بشریٰ بی بی کی جانب سے سلمان صفدر، خالد یوسف اور مشعال یوسفزئی سمیت چار وکلاء پیروی کر رہے ہیں، عثمان گل اگر بیمار ہیں تو ان وکلاء کو طلب کر کے آخری گواہ پر جرح کرائی جائے۔اسلام آباد ہائیکورٹ سے وکلاء صفائی خود آرڈر لائے کہ کارروائی کو آگے بڑھایا جائے، اب وکلاء صفائی جان بوجھ کر ریفرنس کی سماعت کو التوا کا شکار کر رہے ہیں۔ 

جس پر عدالت نے ملزمہ کے وکلاء کو آخری موقع دیتے ہوئے آئندہ سماعت پر گواہ پر جرح مکمل کرنے کی ہدایت کر دی۔

سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو جیل میں قائم عدالت میں پیش کیا گیا۔

سماعت کے موقع پر انتظار پنجھوتہ، نعیم پنجھوتھہ اور فیصل فرید جبکہ نیب کی جانب سے سردار مظفر عباسی لیگل ٹیم کے ہمراہ عدالت پیش ہوئے۔ریفرنس کی سماعت احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے کی۔

 تاہم احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے وکلاء صفائی کی درخواست منظور کرلی اور سماعت 27 ستمبر تک ملتوی کردی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں بشریٰ بی بی کے وکیل کی عدم موجودگی کے باعث تفتیشی افسر پر جرح نہیں ہوسکی تھی۔

مزید خبریں :