Time 25 ستمبر ، 2024
پاکستان

آپ نے پارلیمان کو نہیں، پارلیمنٹ نے آپکو بنایا، ہم نے کہا آپ 17 ہونگے تو 17 ہیں: عرفان صدیقی

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ ہم اپنی حدود میں رہنا چاہتے ہیں، ہمیں حدود میں رہنے دیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عرفان صدیقی کا کہنا تھاکہ آپ آئین نہیں بناتے، آئین اور قانون ہم بناتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ آپ نے پارلیمان کو نہیں، پارلیمنٹ نے آپ کو بنایا، ہم نے کہا آپ 17 ہوں گے تو آپ 17 ہیں، ہم نے کہا کہ آپ کی تنخواہ اور پنشن اتنی ہوگی۔

عرفان صدیقی نے سوال اٹھایاکہ آئین کہتا ہے کہ مجلس شوریٰ کی اتھارٹی کی کوئی حد ہی نہیں جب آئین کہتا ہے کہ کوئی ترمیم چیلنج نہیں ہوسکتی تو پھر کیسے ہوتی ہے؟ 

 ان کا کہنا تھاکہ مخصوص نشستوں سے متعلق فیصلےمیں انہونی چیزیں ہوئیں، کئی سوال پیدا ہوگئے، آئے دن قانون یہ کہہ کر ختم کردیا جاتا ہے کہ یہ آئین سے متصادم ہے، ہم غلطی کرتے ہیں توعدلیہ اصلاح کردیتی ہے، عدلیہ آئین سے متصادم فیصلہ کرے تو کون ٹھیک کرے گا؟

لیگی سینیٹر نے سوال اٹھایا کہ جب آئین و قانون تین دن کا کہتا ہے تو آپ 15 دن کہاں سے لے آئے؟ یہ اختیار کہاں سے ہے؟ اگر آپ نے یہ اختیار لے لیا ہے تو غلط ہے، آئین یہ کہتا ہے کہ جیتنے والا امیدوار تین دن میں کوئی پارٹی جوائن کرے، معزز ججز بھی انسان ہیں، ان سے بھی غلطی ہوسکتی ہے، آپ آئین کی پاسداری نہ کریں تو ہم کہاں جائیں؟

خیال رہے کہ سپریم کورٹ میں ججز کی تعداد 17 ہے اور 2 ایڈہاک ججز تعینات کیے گئے ہیں۔

مزید خبریں :