پاکستان

پی ٹی آئی اور جے یو آئی کا مشترکہ طور پر آئینی ترمیم کا مسودہ تیار کرنےکا فیصلہ

اسلام آباد: پی ٹی آئی اور  جے  یو آئی  نے  مشترکہ  طور   پر  آئینی ترمیم کا مسودہ  تیار کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان سے پی ٹی آئی وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں سلمان اکرم راجہ، صاحبزادہ حامد رضا، اخونزادہ حسین شامل تھے۔

جے یو آئی لیگل ٹیم کے سربراہ سینیٹر کامران مرتضیٰ اور  مفتی ابرار  سمیت دیگر  جے یو آئی رہنما بھی ملاقات میں موجود تھے۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں  مجوزہ آئینی ترمیم کے مسودے اور پارلیمان میں اشتراک، پریکٹس اینڈ پروسیجر آرڈیننس پر مشاورت ہوئی۔

ذرائع کے مطابق دونوں جماعتوں نے مشترکہ طور  پر آئینی ترمیم کا مسودہ  تیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ ہماری مولانا فضل الرحمان سے بہت اچھی ملاقات ہوئی ہے، مولانا فضل الرحمان کی خیریت دریافت کرنے آئے تھے، افواہیں گردش کر رہی ہیں مولانا فضل الرحمان  نے حکومت کی بات مان لی ہے،مولانا نے حکومت کی آئین پر شب خون مارنےکی کوشش کو ناکام بنایا ہے۔

سلمان اکرم راجہ نے دعویٰ کیا کہ  مولانا ایسا کوئی اقدام نہیں  اٹھائیں گے جس کو تاریخ میں کالے حروف میں لکھا جائے، مولانا فضل الرحمان ہمارے ساتھ ہیں۔

جے یو آئی کے سینیٹر کامران مرتضیٰ نے کہا کہ  ابھی تک آئینی ترمیم کا ڈرافٹ تیار نہیں ہوا، ہم اپوزیشن کا حصہ ہیں اور اسی کا حصہ رہیں گے، اگر معاشرے کے لیے  بہتر قانون سازی ہوئی تو حکومت کے ساتھ چل سکتے ہیں۔

مزید خبریں :