Time 27 ستمبر ، 2024
پاکستان

جیو اور کراچی آرٹس کونسل کے اشتراک سے 35 روزہ عالمی ثقافتی میلےکا آغاز

جیو اور کراچی آرٹس کونسل کے اشتراک سے 35 روزہ عالمی ثقافتی میلےکا  آغاز
فوٹو: جیو نیوز

جیو اور کراچی آرٹس کونسل کے اشتراک سے 35 روزہ عالمی ثقافتی میلےکا  آغاز  ہوگیا۔

 آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیر اہتمام منعقدہ 35روزہ”ورلڈ کلچر فیسٹیول کراچی 2024“ کا شاندار افتتاح گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کیا۔

صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نےگورنر سندھ کا استقبال کیا۔ فیسٹیول میں سری لنکا، ترکی اور اومان کے علاوہ مختلف ممالک کے سفارت کاروں نے شرکت کی۔

اس موقع پرگورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نےکہاکہ پاکستان کی تاریخ میں ایسے ورلڈ کلچر فیسٹیول کی مثال نہیں ملتی، میرے لیے یہ اعزاز کی بات ہےکہ احمد شاہ نے مجھے یہاں بلایا، 40 ممالک سے آنے والے فنکاروں کو خوش آمدید کہتا ہوں، ثقافت و شان ہر ملک کا ورثہ ہوتی ہے، ہمیں اپنی ثقافت اور زبان پر فخر ہے۔

صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے کہا کہ ورلڈ کلچر فیسٹیول کراچی کا مقصد نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا کی ثقافت اور فنکاروں کو آپس میں جوڑنا ہے، ہم اپنی پانچ ہزار سال پرانی ثقافت کو دنیا کے سامنے لانا چاہتے ہیں، لوگ ہمیں دہشت گرد کہتے ہیں مگر میں ان کو بتانا چاہتا ہوں کہ ہم بہت محبت کرنے والے لوگ ہیں، ہم ٹیکسلا، ہڑپہ اور موہن جودڑو تین تہذیبوں کے وارث ہیں، ہم کسی سے کم نہیں ، مجھے اپنے کلچر پر فخر ہے۔

انہوں نے مزیدکہاکہ اس کلچر فیسٹیول میں صرف میرے اکیلے کی محنت نہیں بلکہ گورننگ باڑی رکن ، ایگزیکٹیو ڈائریکٹر سمیت ایک ایک ٹیم ممبر اس میں شامل ہے، ہمارا کسی سے کوئی مقابلہ نہیں اپنی ثقافت کے فروغ کے لیے کوشاں ہیں، ثقافت کے ذریعے ہم دہشت گردی کو ختم کرسکتے ہیں۔

صوبائی وزیر ثقافت و سیاحت سید ذوالفقار علی شاہ نے کہا کہ احمد شاہ نے جو کہا تھا سچ کر دکھایا، آج واقعی بین الاقوامی فنکار آرٹس کونسل میں موجود ہیں، پاکستان میں دہشت گردی کا  تاثر غلط ہے، ورلڈکلچر فیسٹیول کراچی سے پاکستان کا مثبت چہرہ دنیا کے سامنے آئے گا، موسیقی اور آرٹ پیار کی زبان سمجھی جاتی ہے، دوسرے صوبوں کو بھی اس طرح کے کلچرل پروگرامز کرنے چاہئیں۔

انہوں نے کہاکہ سندھ حکومت کا تعاون آرٹس کونسل کراچی کے ساتھ ہے، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ کی خدمات قابل تعریف ہیں۔

واضح رہے کہ ”ورلڈ کلچر فیسٹیول کراچی“ میں 100سے زائد کلچرل پرفارمنسز ہوں گی جبکہ 450 سے زائد فنکار پرفارم کریں گے ، پاکستان اور بین الاقوامی تھیٹر، میوزک، ڈانس گروپ کی پرفارمنس کے علاوہ فائن آرٹ بھی فیسٹیول کا حصہ ہیں، فیسٹیول میں فلسطین، ترکیہ، بھارت ، متحدہ عرب امارات،امریکا، برطانیہ، جرمنی، چین، آسٹریلیا، روس، مصر، عراق، جنوبی افریقہ، اٹلی، جاپان، سری لنکا، ساؤتھ کوریا، ناروے، برازیل ، اسپین، بیلجیئم، یوکرین، اومان، قطر، مالٹا، زمبابوے، بنگلہ دیش، آذربائیجان، اسکاٹ لینڈ، ہنگری، فرانس، یوگنڈا، بیلاروس، آئرلینڈ، کوسوو، کانگو، روانڈا ، الجزائر اور  سوئٹزرلینڈ کے فن کار پرفارم کریں گے۔

مزید خبریں :