03 اکتوبر ، 2024
لبنانی وزیر خارجہ نے انکشاف کیا ہے کہ بیروت میں اسرائیلی حملے میں شہادت سے قبل حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ نے عارضی جنگ بندی پر رضامندی ظاہر کردی تھی۔
ترک خبر ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق لبنانی وزیر خارجہ عبداللہ بو حبیب کا کہنا تھا کہ لبنانی پارلیمنٹ کے اسپیکر مصطفیٰ نبیہ بری نے حزب اللہ سے بات چیت کی تھی اور حسن نصر اللہ عارضی جنگ بندی کیلئے راضی ہوگئے تھے۔
لبنانی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ حسن نصراللہ کی رضامندی کےبعد ہم نے اس اہم پیش رفت سے متعلق امریکا اور فرانس کے نمائندوں کو بھی آگاہ کردیا تھا۔
یاد رہے کہ امریکا اور فرانس سمیت 12 ممالک اور تنظیموں کی جانب سے اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان سفارتی حل کیلئے عارضی جنگ بندی سے متعلق ایک مشترکہ بیان جاری کیا گیا تھا۔
مشترکہ بیان 24 ستمبر کو جاری کیا گیا تھا جبکہ بیروت کی ایک عمارت پر اسرائیلی حملے میں حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ کی شہادت 27 ستمبر کو ہوئی تھی۔