20 فروری ، 2013
کوئٹہ…سانحہ ہزارہ ٹاؤن میں جاں بحق تمام افراد کی تدفین کردی گئی ،اس دوران مشتعل افراد کی قبرستان میں شدید ہوائی فائرنگ اور پتھراؤ سے کچھ افراد زخمی ہوگئے۔سانحہ ہزارہ ٹاوٴن میں جاں بحق افراد کی تدفین کا عمل آج صبح کیا جانا تھا،سانحے میں جاں بحق بعض افراد کے لواحقین نے اپنے پیاروں کی تدفین پر آمادگی ظاہر کی اور امام بارگاہ موسی ابن جعفر سے میتیں اٹھاکر تدفین کیلئے قبرستان لے گئے،اس پر چند خواتین نے قبرستان میں احتجاج کیا۔میتوں کی تدفین کا عمل جاری تھا کہ چند مشتعل افراد نے قبرستان میں شدید ہوائی فائرنگ شروع کردی جس سے قبرستان میں صورتحال کشیدہ ہوگئی اور بھگدڑ مچ گئی، صورتحال کو کنٹرول کرنے کیلئے موقع پر پہنچنے والے ڈپٹی کمشنر کوئٹہ عبدالمنصور کاکڑ کی گاڑی بھی فائرنگ اور پتھراؤ کی زد میں آگئی تاہم وہ محفوظ رہے۔دوسری جانب میتوں کی تدفین کا عمل وقفے وقفے سے جاری رہا،بعد میں سی سی پی او کوئٹہ میر زبیر محمود بھی موقع پر پہنچ گئے،ان کا کہنا تھا کہ شرپسند عناصر کی فائرنگ میں کچھ افراد زخمی ہوئے ہیں۔