09 اکتوبر ، 2024
شمالی کوریا نے جنوبی کوریا سے بذریعہ ریل اور سڑک رابطہ مکمل منقطع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق شمالی کوریا کی پیپلز آرمی نے گزشتہ روز اپنے پڑوسی جنوبی کوریا سے بذریعہ سڑک اور ریل رابطے مکمل منقطع کرنے کا اعلان کیا۔
رپورٹس کے مطابق شمالی کورین فوج نے رابطے مکمل طور پر منقطع کرنے کی وجہ جنوبی کوریا میں ہونے والی جنگی مشقوں اور امریکی حکام اور حمایتیوں کے مسلسل دوروں کو قرار دیا۔
غیر ملکی حکام شمالی کوریا کی جانب سے لگائی گئی اس پابندی کو نمائشی قرار دے رہے ہیں کیونکہ دونوں پڑوسی ممالک کے درمیان تجارت سمیت دیگر تعلقات ایک طویل عرصے سے عملی طور پر منقطع ہیں۔
واضح رہے کہ شمالی کوریا اور جنوبی کوریا میں 1953 میں خون ریز جنگ ہوئی تھی جس کے نتیجے میں لاکھوں افراد لقمہ اجل بنے تھے مگر بعد ازاں ایک معاہدے کے تحت جنگ ختم کی گئی۔
دونوں ممالک کے درمیان جنگ بندی معاہدے کے 71 سال گزرنے کے باوجود اب بھی اکثر حالات کشیدہ رہتے ہیں اور ان میں بہتری کہ کوئی واضح امکانات نہیں۔