12 اکتوبر ، 2024
بھارتی ریپر ہنی سنگھ کی پاکستانی اداکارہ مہوش حیات کےساتھ نئی میوزک ویڈیو ریلیز ہونے جارہی ہے۔
ہنی سنگھ کی جانب سے انسٹا گرام پر مہوش حیات کے ساتھ ایک ویڈیو پوسٹ کی گئی ہے جس میں وہ ریپ گا کر مہوش حیات کو کراچی کی سہیلی بتارہے ہیں، جس سے لگتا ہے کہ یہ ان کے نئے گانے کے بول ہیں اور کیپشن میں انہوں نے اشارہ دیا ہےکہ ان کے آنے والے پراجیکٹ میں مہوش حیات بھی ہوں گی۔
ہنی سنگھ نےکیپشن میں لکھا کہ 'کرم پورہ (دہلی) سے کراچی کا کنکشن، کچھ خاص آرہا ہے۔'
خیال رہےکہ بے شمار ہٹ گانوں سے شہرت حاصل کرنے والےگلوکار ہنی سنگھ7 سال سے زیادہ کے عرصے کے وقفے کے بعد حال ہی میں اپنی نئی البم ' گلوری' کے ساتھ واپس آئے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق ہنی سنگھ اور مہوش حیات ایک نئے گانے پر کام کر رہے ہیں جس کا عنوان 'کلر' ہے۔
اس سے قبل رواں سال جنوری میں مہوش حیات کی ہنی سنگھ کے ساتھ تصاویر سامنے آئی تھیں جس کے بعد اپریل میں ایک انٹرویو میں مہوش حیات نے بتایا تھا کہ ہنی سنگھ کے ساتھ ان کی میوزک ویڈیو آرہی ہے، اس حوالے سے ہماری کافی عرصے سے بات چل رہی تھی، جلد اس کو ریلیز کیا جائےگا۔